• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قندیل قتل کیس، ملزمان کی معافی کی درخواست مسترد



قندیل بلوچ قتل کیس میں عدالت نے ملزمان کی معافی سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 اگست تک کے لیے ملتوی کردی۔

دوران سماعت قندیل کے والدین کا کہنا تھا کہ انہوں نے بیٹی قندیل بلوچ کے قتل کیس میں صرف اپنے بیٹوں کو معاف کیا ہے جبکہ باقی ملزمان کو معافی نہیں دی ہے۔

واضح رہے کہ معروف ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں گزشتہ روز اس وقت نیا موڑ سامنے آیا تھا جب قندیل کے والدین نے اپنے بیٹوں کو معاف کرنے کا بیان حلفی عدالت میں جمع کروایا تھا۔

قتل کیس میں قندیل کے والد عظیم بلوچ نے اپنے دونوں سگے بیٹوں مرکزی ملزمان وسیم اور اسلم شاہین کو معاف کر کے عدالت میں معافی کا بیان حلفی جمع کرایا اور عدالت سے استدعا کی ہے وہ ان کے بیٹوں کو باعزت بری کر دے ۔

عدالت میں جمع کرائے گئے بیان حلفی کے مطابق قندیل بلوچ کے قتل میں غیرت کی کہانی بنائی گئی تھی جو حقائق کے خلاف ہے ۔

قندیل کے والد کا بیان حلفی میں کہنا تھا ہے کہ قندیل قتل کا مقدمہ 16 جولائی 2016 کو درج ہوا جبکہ غیرت کے قانون میں ترمیم 22 اکتوبر 2016 میں ہوئی، غیرت کے قانون 311 میں ترمیم بعد میں ہوئی ہے لہذا اس کیس پر نئے قانون کا اطلاق نہیں ہوتا ضابطہ فوجداری کے زیر دفعہ 345 کے تحت ملزمان کو بری کیا جائے۔

تازہ ترین