کراچی (اسٹاف رپورٹر) کشمیر کے ایشو پر پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جاری سخت کشیدگی کے پیش نظر ٹینس کی عالمی تنظیم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان اگلے ماہ اسلام آباد میں ہونے والے ڈیوس مقابلوں کو ملتوی کردیا ہے اور نو ستمبر تک صورت حال کو سامنے رکھ کر نئے فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے پاکستان اور بھارت ڈیوس کپ ٹائی کو پاکستان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر آزاد سیکیورٹی ماہرین کی رپورٹ کی بنیاد پر ڈیوس کپ کمیٹی نےنومبر تک ملتوی کردیا، اعلامیہ کےمطابق دونوں ملکوں کے درمیان غیر معمولی صورت حال ہے جس میں ہماری پہلی ترجیح کھلاڑیوں، آفیشلز اور تماشائیوں کی سیکیورٹی اور حفاظت ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا زون گروپ ون کی ٹائی 14 اور 15ستمبر کو اسلام آباد میں کھیلی جانی تھی۔ ڈیوس کپ کمیٹی نے صورتحال کو غیر معمولی اور کھیل کے لئے نامناسب قرار دیا ۔ اس دوران آئی ٹی ایف پاکستان میں سیکیورٹی معاملات کا بدستور جائزہ لیتی رہے گی۔ دوسری جانب ٹینس کے حلقوں نے مقابلے کے التواء کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حالات ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں اس کے باوجود عالمی تنظیم بھارت کے دبائو میں آگئی جو کھیل اور کھلاڑیوں کے مفاد میں اچھی بات نہیں ہے۔