اسلام آباد (اے پی پی/جنگ نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کو لاہور ہائی کورٹ واپس بھیجنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ارشد ملک کے خلاف تادیبی کارروائی لاہور ہائی کورٹ کرے گا،جج ارشد ملک نے اپنے بیان حلفی اور پریس ریلیز میں اعتراف جرم کیاہے ۔چیف جسٹس اطہر من اللہ کی ہدایات پر قائم مقام رجسٹرار نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جج ارشد ملک بادی النظر میں مس کنڈکٹ کے مرتکب ہوئے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جج ارشد ملک نے 7 جولائی کو پریس ریلیز جاری کی، جج ارشد ملک نے 11 جولائی کو بیان حلفی بھی جمع کرایا۔