• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ:غلط مقدمے پر ایس ایچ او تھانہ سٹی وہاڑی سے ریکارڈ طلب

ملتان (سٹاف رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے غلط مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ سٹی وہاڑی سے ریکارڈ طلب کر لیا ہے، فاضل عدالت میں محمد اسلم شاہ نے درخواست دائر کی تھی کہ وہ مقامی پیسٹی سائیڈ کمپنی میں سیلز آفیسر ہے اور ادویات دینے پر دکاندار نے 50 ہزار روپے کا بوگس چیک دیا تو اس نے پولیس کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی لیکن پولیس نے ملزم سے ساز باز کر کے الٹا اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جو غیر قانونی اقدام ہے، ہائیکورٹ نے اغواء کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پرتھانہ سٹی علی پور پولیس سے ریکارڈ طلب کر لیا ہے، فاضل عدالت میں علی پور کے رحیم بخش نے درخواست دائر کی کہ قبل ازیں فاضل عدالت میں شمس الحق نے اپنے بھائی کے غائب ہونے پر بازیابی کے لئے رجوع کیا تو مظفر گڑھ پولیس نے رپورٹ دی کہ اس کا بھائی اغواء نہیں ہوا اور مدعی نے خود چھپایا ہوا ہے جس پر درخواست خارج کر دی گئی تو اس نے پولیس تھانہ سٹی علی پور سے سازباز کر کے پرانے تنازع پر درخواست گذار اور اس کے 4 بیٹوں کے خلاف بھائی کے اغواء کا جھوٹا مقدمہ درج کرا دیا ہے جس پر انہوں نے عدالت سے ضمانت بھی کرائی ہے، مقدمہ خارج کرنے کا حکم دیا جائے ،دریں اثناہائیکورٹ نے ڈکیتی کے ملزم ندیم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
تازہ ترین