• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلقات عامہ کا ماہر (پبلک ریلیشن اسپیشلسٹ) اپنے کلائنٹ یا کمپنی کے مثبت امیج کو اُجاگر کرنے اور اسے قائم رکھنےکے لیے عوام الناس سے ابلاغ کرتاہے۔ اس کا م کے لیے وہ میڈیا کے مختلف ذرائع (میڈیاآئوٹ لیٹس) استعمال کرتاہے۔یہ میڈیا آئوٹ لیٹس کسی کمپنی کے اپنے بھی ہوسکتے ہیں یا پھر معاوضے ادا کرکے دوسرے میڈیا کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تعلقات عامہ (پی آر) میں منصوبہ بندی، میل جول، لوگوں کو مشغول کرنا، ان سے تعلقات بنائے رکھنا، ان کی خوشی اور غم میں ساتھ رہنا، اپنا امیج بہتر کروانا، بااثر لوگوں سے مؤثر رابطہ رکھنا وغیرہ شامل ہے۔ تعلقات عامہ کے ماہر کا کام دفتر میں بیٹھنے سے زیادہ دفتر سے باہر ہوتا ہے۔ یہ ذمے داری نہیں بلکہ ایک طرز زندگی ہے، جس میں اپنی ساکھ (گڈ ول) کو بہتر سے بہتر کرنا ہوتا ہے۔

پبلک ریلیشن یا تعلقات عامہ ایک ایسا پیشہ ہے جس میں تخلیقیت، تعاون اور کچھ ہٹ کر کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ جب کوئی پبلک ریلیشن کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد عملی زندگی میں آتا ہے تو اسے بہت سے مشوروں سے نوازا جاتا ہے،جن پر عمل کرکے وہ اپنی مہارت میں اضافہ کرتے چلا جاتا ہے۔

پی آر آفیسر کی ذمہ داریاں

پی آر آفیسر کی ذمہ داریاں


٭ مطبوعہ مواد مہیا کرنے کے لیے تصویروں سے مزین خبری اعلامیے جاری کرنا۔

٭ اپنے ادارے کی طرف سےمعلوماتی کتابچے، تعارف نامے، ہینڈبل، فولڈر، کیٹلاگ، ڈائریاں، کیلنڈر اور مطبوعہ خبرنامے یا ادارے کے رسائل و جرائد اور رپورٹ وغیرہ تیارکرنا۔

٭ آڈیو اور ویژیول مواد کے طور پر ریڈیو، ٹی وی پروگرام ، تقریروں، مذاکروں، جلسوں اور مباحثوں کا اہتمام کرنا۔

٭ بصری مواد مہیا کرنے کے لیے مظاہروں، نمائش، فلموں، سلائیڈوں، دستاویزی فلموں، ثقافتی تقریبوں، پریڈوں وغیرہ کے انعقاد کاانتظام کرنا۔

٭ آجکل چونکہ سوشل میڈیا کا دور ہے تو اس حوالے سے سماجی تعلقات کے پلیٹ فارمز جیسے فیس بک، انسٹا گرام اور ٹوئٹر وغیرہ کو استعمال میں لانا یا اپنے ادارے کی ایپ ڈویلپ کروانا یا پھر فیس بک پیج کو اَپ ڈیٹ رکھنا بھی شعبہ تعلقات عامہ کے ذمے ہوتاہے ۔

٭ سوشل میڈیا پر کمپنی کےحوالے سے صارفین کے فیڈ بیک یا آراء کی نگرانی کرنا۔

٭ بحیثیت ماہرِ تعلقات عامہ آپ کو خبری مواد کی تحریر، رائے عامہ کی تشکیل اور اخبار و رسائل کے اجرا جیسے کام بھی کرنے پڑ سکتے ہیں ۔

٭ دیگر ذمہ داریوں میں ادارے کے اندر ملازمین کے درمیان ابلاغ یا اطلاعات کی فراہمی کے لیے میموز نکالنا وغیرہ بھی شامل ہیں۔

انفرادی خصوصیات

پبلک ریلیشن یا تعلقات عامہ کے میدان میں آنے والوں کو اعلیٰ شخصیت، تحریر و تقریر پر دسترس، عمدہ اور دلچسپ گفتگوکرنے کی اہلیت، اپنے ادارے یا محکمے سے گہری وابستگی، وفاداری، مجلسی آداب سے آگاہی، ذمہ داری، خوش لباسی اور شگفتہ مزاجی جیسی صفات سے مزین ہونا چاہئے۔ یہ اوصاف ادارے اور عوام میں پی آر آفیسر کوہر دلعزیز شخصیت بنادیتے ہیں۔

ماہر بننے کے مشورے

اگر آپ تعلقات عامہ کے ماہر بننا چاہتے ہیں تو درج ذیل عوامل کو ذہن میں رکھنا ہوگا۔

مہارت

تعلقات عامہ کے ماہر کے طور پر آپ کی ذمہ داری ایک فوجی کی طرح ہوتی ہے، جسے ہر وقت تیار رہنا پڑتاہے۔ اس کے ساتھ آپ کو مختلف یا پیچیدہ صورتحال کو سنبھالنے کے لیے ابلاغ کا دانشمندانہ استعمال کرنا ہوتا ہے۔

نیٹ ورکنگ

تعلقات عامہ میں بہتر اور خوشگوار تعلقات قائم کرناہی کامیابی کی کنجی ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا پیغام سنا جائے تو اس ضمن میں میڈیا میں موجود اہم ادارو ں سے اپنے بہتر پیشہ ورانہ تعلقات قائم کرنا ہوں گےتاکہ وہ آپ کے پیغام کو ترجیحی دیں اور اسے وسیع پیمانے پر عوام تک پہنچا سکیں۔

مسائل حل کرنےکی صلاحیت

اگر ذرائع ابلاغ آپ کے لوگوں یا ادارے کی مثبت انداز میں کوریج نہیں کرتا، تو آپ کو اس مسئلے کا خوش اصلوبی سے حل نکالنا ہوگا۔ اس صورتحال میں کرائسس مینجمنٹ اہم کردار ادا کرتی ہے، آپ کو اس تنقید یامنفی پروپیگنڈے کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے ہوتے ہیں۔

تحریری ابلاغ

تعلقات عامہ کے ماہر کو ہر قسم کی تحریر لکھنے یا لکھوانے پر دستر س ہونی چاہئے، یہ آپ کی اہم ذمہ داری ہے۔ بہتر تحریری ابلاغ سے ہی آپ اپنی ساکھ بہتر بناسکتےہیں اور عوام تک پہنچ سکتے ہیں۔

عوامی تقریر

ایک شخص جو کسی بھی امیج کو قائم یا بہتر کرنے کے پیچھے کار فرما ہے، اسے اپنے افسران یا کمپنی کے شراکت داروں کے سامنے بات کرنے کا ہنر آنا چاہئے۔ پی آر اسپیشلسٹ کمپنی کا چہرہ ہوتے ہیں، اسی لئے انہیں ہر وقت کسی بھی ایشویا مسئلے پر بات کرنے کے لیے تیار رہنا چاہئے۔ 

تازہ ترین