• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان نے جو وعدہ کیا، اس پر یوٹرن لیا، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے جو وعدہ کیا، اس پر یوٹرن لیا، ایک بھی بات پر وہ قائم نہیں رہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اسکردو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے آپ کو پورے ملک کے سامنے بے نقاب کردیا ہے، وہ جو وعدہ کرتے ہیں اس پر یوٹرن لے لیتے ہیں، وزیراعظم عمران خان جو وعدہ کرتے ہیں اس کا الٹ کرتے ہیں ،عمران خان نے جو نعرہ لگایا وہ جھوٹ نکلا ہے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لگتا ہے حکومت اپوزیشن کر رہی ہے، ہماری حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لیے اپوزیشن کو دیوار سے لگا رہی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو علم ہی نہیں کرنا کیا ہے وہ پیپلز پارٹی کے ہر اقدام کو فالو کر رہی ہے،حکومت خود ہی اپوزیشن کرے گی تو حکومت کون کرے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِ اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو ہم سے آئینی حقوق چھین رہا ہے وہ کیسے گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق دلوائےگا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام ساتھ دیں ، ملکی مسائل حل کریں گے، گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق دلواؤں گا۔

انہوں نے اپنی پھوپھی فریال تالپور سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ رات 12 بجے انہیں غیر آئینی طریقے سے جیل منتقل کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی پارٹی ہے، یہ کوئی فاشسٹ نہیں نظریاتی پارٹی ہے ۔

اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ہوش سنبھالا مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم دیکھ رہے ہیں، دنیا میں جہاں بھی جاؤں گا کشمیر کے کاز پر آواز بلند کروں گا۔

انہوں نے مودی حکومت  پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی گجرات کا قصائی ہے ، مودی نے مقبوضہ کشمیر کو کھلی جیل بنا دیا ہے ، مودی سرکار سرینگر میں جا سکتی ہے تو ایسا کر کے دکھا دے، مودی نے کشمیر معاملے کو فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے۔ کشمیر پر توجہ دلانے کے لیے یو این کا پلیٹ فارم استعمال کرنا چاہیے۔

بلاول بھٹوزرداری نے مزید کہا کہ مودی وزیراعظم منتخب ہوا تو اسے قانونی حیثیت دے کر پاکستان نے اسٹریٹجک غلطی کی ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں فارن آفس کو کمزور کیا گیا ہے، سفارت کاری جاننےوالی شخصیات کو پیچھے چھوڑ دیا گیا ہے۔

تازہ ترین