• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، مکھیوں اور مچھروں کی بھرمار سے شہری پریشان


کراچی میں کچرے اور گندگی کے لگے ڈھیر کے باعث مچھر اور مکھیوں کی کثیر تعداد کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

کراچی میں سیوریج کا نظام تباہ اور کچرا پہلے نہیں اُٹھایا جارہا تھا، اس غلیظ منظرنامے میں شدید بارش اور عید قرباں کی آلائشیں بھی شامل ہوگئیں جس کے بعد سے کراچی میں مکھیوں اور مچھروں کا راج ہے۔

مکھیوں اور مچھروں کی یلغار کے باعث بیماریوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جن میں اُلٹی، دست، ٹائیفائیڈ، ڈینگی، ملیریا اور دیگر امراض نے شہریوں کی ناک میں دم کر کے رکھا ہوا ہے۔

کراچی میں وبائی امراض کے پھیلاؤ کے بعد اب انتظامیہ کو ہوش آگیا ہے اور ضلع کورنگی کے علاقے ملیر سعودآباد سے فیومیگیشن کا آغاز کردیا ہے۔

بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہر بھر میں فیومیگیشن کریں لیکن میئر کراچی کے مطابق ان کے پاس وسائل نہیں ہیں۔

میئر کراچی کے مطابق یہ حالیہ مہم بھی کسی کی امداد سے شروع کی گئی ہے.

واضح رہے کہ ماضی میں شہر کراچی میں ہر 3 ماہ بعد ایک بار تمام علاقوں میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے لازمی کیا جاتا تھا لیکن وسائل کی جنگ، اور سیاسی رسہ کشی نے گزشتہ 3 سالوں کے دوران بلدیاتی نظام کو اس بری طرح سے متاثر کیا ہے کہ اب شہر کا کوئی پرسان حال نہیں۔


تازہ ترین