دوحا(جنگ نیوز/ایجنسیاں) امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ طالبان سے افغانستان میں عبوری حکومت کے انتظام پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ادھرافغان طالبان کے سیاسی ترجمان سہیل شاہین نے بتایا کہ حتمی سمجھوتے پر عالمی ضمانت دہندگان کی موجودگی میں دستخط ہوں گے۔ عالمی ضمانت دہندگان میں پاکستان، چین، روس اور افغانستان کےعلاوہ اقوام متحدہ بھی شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق زلمے خلیل زاد نے ٹوئٹر پر کیا انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان سے عبوری حکومت کے انتظام چلانے پرکوئی بات نہیں ہوئی ہے بلکہ افغانستان میں حکومت سازی کا فیصلہ انٹراافغان مذاکرات میں افغان خودکریں گے۔دوسری طرف افغان طالبان نے اس توقع کا اظہار کیاہے 18سال سے جاری خانہ جنگی کا خاتمہ رواں ہفتے ہوجائے گا۔