پاکستانی نژاد عالمی لائٹ ویٹ چیمپئن باکسر عامر خان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا ہے جہاں ان کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے بھارتی وحشیانہ بربریت کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔
لائن آف کنٹرول کے دورے کے موقع پر میڈيا سے گفتگو میں باکسر عامر خان نے کہا کہ اظہارِیکجہتی کے لیے برطانیہ سے یہاں آیا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے بھارتی اقدامات کی مذمت کی ہے، برطانوی ارکانِ پارلیمان نے مقبوضہ کشمیرکی صورتِ حال پر اہم شخصیات کو خطوط لکھے ہیں۔
پاکستانی نژاد باکسر عامر خان نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ محصور ہیں، بھارتی اقدام کی مذمت کرتا ہوں، انتہا پسند بھارت امن کے لیے خطرہ ہے۔
باکسر عامر خان کا لائن آف کنٹرول کے دورے کے لیے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیریوں سے یکجہتی اور اُن کی آواز بننے کے لیے لائن آف کنٹرول کا دورہ کررہا ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ میں بیٹھ کر سب صرف ٹی وی پر دیکھا اور محسوس کیا کہ مجھے خود ایل او سی جانا چاہیے، مقبوضہ کشمیر میں بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے، وہاں بچے اسکول نہیں جا سکتے اور شہریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ باکسر عامر خان نے 24 اگست کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دورے کا اعلان کیا تھا۔