• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

جیوفلمز ”ڈونکی کنگ“ کی آج سے ”کوریا“ میں حکمرانی شروع

 ”ڈونکی کنگ“ کی آج سے ”کوریا“ میں حکمرانی شروع


کراچی (محمد ناصر)جیوفلمز ”ڈونکی کنگ“ کی آج سے ”کوریا“ میں حکمرانی شروع،”کورین “ زبان میں ڈب کی گئی فلم کا جنوبی کوریا میں ہالی ووڈ کی اینی میٹڈ فلم اینگری برڈ 2 اور ونڈر پارک سے مقابلہ ہوگا،مزید 7 ممالک میں بھی ریلیز کی تیاریاں جاری،ہدایتکار عزیز جندانی کا کہنا ہے کہ یہ قدم انڈسٹری کی صنعت کی بحالی میں سنگ میل ثابت ہوگا، تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سب سے بڑی اور جیو کی پہلی اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ پاکستان کے سنیما گھروں میں دھوم مچانے کے بعد بدھ سے جنوبی کوریا کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان میں عید اور چھٹیوں کے بغیر بے شمار ریکارڈ بنانے والی اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ جنوبی کوریا کی 200 اسکرینوں پر ”کورین“ زبان میں ریلیز کی جارہی ہے ، فلم کیلئے بکنگ کا آغاز ہوتے ہی سنیما گھروں میں ٹکٹس بک کرانے کیلئے رَش بڑھتا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ ”ڈونکی کنگ“ نے جنوبی کوریا میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔ کوریا کے سنیما گھروں میں اس فلم کا ہالی ووڈ کی دو بڑی اینی میٹڈ فلموں ”اینگری برڈ 2“ اور ”ونڈر پارک“ سے مقابلہ ہوگا۔ ”ڈونکی کنگ“ کو مزید 7 ممالک میں اُن ہی کی مقامی زبان میں ڈب کرکے ریلیز کیا جائے گا۔ فلم کی بین الاقوامی زبانوں میں ڈبنگ کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ”ڈونکی کنگ“ حالیہ تاریخ کی پہلی پاکستانی فلم ہے جسے بین الاقوامی سطح پر ڈب کرکے ریلیز کیا جارہا ہے۔ فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ یکم ستمبر سے کوریا میں اسکول کھل رہے ہیں اس لئے وہاں فلم کا 28 اگست کو ریلیز ہونا مزید اچھے نتائج دے گا۔ فلم کے ہدایتکار اور اینی میٹڈ سیریز کے تخلیق کار عزیز جندانی کا کہنا ہے کہ بطور پاکستانی قوم یہ ہماری بڑی کامیابی ہے کہ پاکستانی فلم کو اتنی بڑی سطح پر مقبولیت حاصل ہوئی اور ہمارے دیکھنے والوں کی فہرست میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم صرف جنوبی کوریا تک فلم کو ریلیز کرنے پر اکتفا نہیں کریں گے بلکہ اسے مزید بیرونی دنیا میں موجود بڑی مارکیٹوں تک پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔

تازہ ترین