کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدربرگیڈیئر(ر) خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان سپر ہاکی لیگ میں بھارت سمیت غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا جائے گا، بات چیت جاری ہے ،اس سلسلے میں صورتحال آئندہ دو ماہ تک واضح ہو جائے گی۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تاریخ کو ابھی حتمی شکل نہیں دی ہے کوشش ہوگی کہ کسی بین الاقوامی ٹورنامنٹ سے اس کی تاریخ میں ٹکراؤ نہ ہو۔ ایونٹ اپنی ہی سر زمین پر کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیگ اس سال کے آ خر میں ہوگی۔ پانچ سے چھ مختلف ٹیموں پر مشتمل ہوگی اور فرنچائز ان ٹیموں کو خریدنے کیلئے بولی لگائیں گی۔ فرنچائز کے مالکان خود اپنی ٹیموں کے ناموں اور کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔ بھارتی ہاکی فیڈریشن سے اس حوالے سے جلد رابطہ کریں گے۔ خالد کھوکھر نے کہا کہ لیگ میں کھلاڑیوں کو تین کیٹگریز میں شامل کرینگے۔ اے کیٹگریز و الے کھلاڑیوں کو 15 لاکھ روپے، بی کیٹگریز کے کھلاڑیوں کو 10 لاکھ روپے جبکہ سی کیٹگریز کے کھلاڑیوں کو 8 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے آفیشلز براڈ کاسٹرز کیلئے بھی بات چیت جاری ہے۔ لیگ سے نہ صرف پاکستانی ہاکی فیڈریشن کو مالی فائدہ ہو گا بلکہ پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد سے ملک میں ہاکی سمیت دیگر کھیلوں پر بھی مثبت اثرات ہونگے۔