• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا یوسف متالا کا وجود نعمت کبریٰ سے کم نہیں، فضل الرحمٰن

ویکفیلڈ (پ ر)دارالعلوم بری، جامعہ امام زکریاکے بانی، عالم اسلام کی مشہور ومعروف دینی و روحانی شخصیت شیخ الحدیث مولانا زکریا رحمۃ اللہ کے شاگرد خاص اور خلیفہ، استاد العلماء حضرت مولانا یوسف متالا کو ہارٹ اٹیک ہوا اور پھراس کے بعد دل کی سرجری کینڈا میں ہوئی ہے۔ جس پر عالم اسلام کی ممتاز اور مذہبی شخصیات نے ان کی صحت یابی کے پیغامات کے ساتھ انکے اہل خانہ اور پورے ملک اور یورپ میں پھیلے متعلقین سے ہمدردی کاا ظہار کیا۔ ممتاز مذہبی وسیاسی رہنما، جمعیۃ علماء اسلام پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے مولانایوسف متالاکی بیماری پر مولانا اسلام علی شاہ سے واٹس آپ پیغام کے ذریعے کہا کہ آپ کے پیغامات سے معلوم ہوا کہ مولانا یوسف اس وقت سخت تکلیف میں ہیں۔ ہمارے لئے انکا وجود نعمت کبریٰ سے کم نہیں ہے۔ حضرت شیخ الحدیث مولانا زکریا رحمۃ اللہ علیہ کے خلفاء اجلہ میں سے ہیں۔ وہ ایک عرصہ سے برطانیہ میں علوم ظاہریہ اور علوم باطنیہ میں امت کی تربیت کر رہے ہیں۔ اس اعتبار سے وہ ہم سب کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ اللہ انہیں صحت عطاء فرمائے ۔کیونکہ شفاء دینے والی صرف اللہ کی ذات ہے۔ اللہ کسی بھی بری خبر سے امت کو محفوظ رکھے۔ ہماری پوری ہمدردیاں ان کے خاندان والوں کیساتھ ہیں۔ اللہ ان کو شفاء کاملہ عاجلہ مستمرہ نصیب فرمائے۔اسی طرح عالم اسلام کے عظیم فقہی، شیخ الاسلام حضرت مولانامفتی محمد تقی عثمانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کی صحت کے بارے میں جو معلومات مل رہی ہیں ان سے بہت تشویش ہے۔ لیکن ساتھ ساتھ اللہ کی رحمت سے امیدہے اور دعا ہے کہ اللہ ان کو شفاء کاملہ نصیب فرمائے۔ ان کی صحت کیلئے یہاں پاکستان میں سب فکرمند اور دعاگو ہیں۔
تازہ ترین