• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی پوری دنیا اور انسانیت سے کھیل رہا ہے، شہباز شریف

مودی پوری دنیا اور انسانیت سے کھیل رہا ہے، شہباز شریف


مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نریندر مودی پوری دنیا اور انسانیت سے کھیل رہا ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری فیصلہ کرےکہ وہ کرۂ ارض کو جہنم بنانا چاہتی ہے یا امن و آشتی کا گہوارہ؟


انہوں نے کہا کہ 27 دن سے کشمیریوں پر مظالم پر عالمی برادری کی بے عملی افسوس ناک ہے، انصاف کا متعصبانہ اور جانبدارانہ استعمال دنیا کو تباہی کی طرف لے جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ عالمی برادری نے کشمیریوں کی نسل کشی نہ رکوائی تو وہ دفاع میں اسلحہ اٹھا سکتے ہیں، اقوامِ متحدہ کی قرار دادیں قابض افواج کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی اجازت دیتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نسل کشی کے خطرے سے دوچار قوم اپنی بقا اور دفاع کے لیے ہر حد تک جانے کا جواز رکھتی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ بے گناہوں کا لہو بہنے سے نہ روکا گیا تو مظلوم کشمیری عالمی برادری کو بھی قاتل مودی کا ساتھی سمجھیں گے۔

صدر مسلم لیگ نون نے یہ بھی کہا کہ عالمی برادری دوراہے پر کھڑی ہے، مودی پوری دنیا اور انسانیت سے کھیل رہا ہے، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، بچوں پر مظالم پر کشمیری نوجوان خاموش تماشائی بنے نہیں رہ سکتے۔

تازہ ترین