• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاقت اسپتال حیدرآباد، جدید مشین کے ذریعے خاتون کا کامیاب آپریشن

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد کے نیوروسرجری وارڈ میں جرمنی سے منگوائی جانے والی جدید مشین کے ذریعے ایک خاتون کے دماغ کے ٹیومر کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔ یہ آپریشن ہسپتال کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنے جدید انداز میں مفت کیا گیا ہے اس پر نجی ہسپتالوں میں لاکھوں روپے خرچ آتے ہیں۔ حیدرآباد کی رہائشی 45 سالہ سائرہ نامی خاتون جس کے دماغ میں ٹیومر تھا اور اس کا یہ حساس آپریشن ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر ریاض راجہ نے اپنی ٹیم ڈاکٹر پیر اسد ‘ ڈاکٹر ثناءاللہ اوردیگر کے ہمراہ ڈھائی گھنٹے میں کیا۔ سندھ حکومت کی جانب سے سول ہسپتال حیدرآباد میں ٹیومر کے آپریشن کیلئے الٹراسانک اسپریٹر مشین دی گئی ہے جس کی مالیت تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے ہے اور یہ مشین جرمن سے منگوائی گئی ہے جس کے ذریعے ٹیومر کا یہ آپریشن کیا گیا۔ اس مشین کے ذریعے کئے جانے والے آپریشن سے مریض کا خون ضائع نہیں ہوتا اور یہ اپنی نوعیت کی جدید مشین ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہی آپریشن نجی ہسپتالوں میں 9سے 10لاکھ روپے میں کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے سول ہسپتال حیدرآباد کے ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی نے بتایا کہ سندھ حکومت خاص طورپر وزیراعلیٰ سندھ ، صوبائی وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کی خصوصی دلچسپی کے باعث سول ہسپتال حیدرآباد میں جدید ترین مشینری منگوائی گئی ہے جن کے ذریعے سرجری سمیت دیگر آپریشن کئے جارہے ہیں۔ نیوروسرجری وارڈ کو اپ گریڈ کیا گیا ہے اسی طرح یورولوجی وارڈ ، پیڈز وارڈ کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے اور ان میں قیمتی مشینری نصب کی گئی ہے ۔

تازہ ترین