• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کا اعلان کل کیے جانے کا امکان ہے، سابق کپتان مصباح الحق ہیڈ کوچ جبکہ سابق ہیڈ کوچ وقار یونس بولنگ کوچ کے لیے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔

ورلڈ کپ کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت چار کوچز کے معاہدوں میں توسیع نہ کر نے کے اعلان کے بعد بورڈ نے اشتہار کے ذریعے 4 کوچز کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں۔

گزشتہ ہفتے 5 رکنی پینل نے کوچز کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کیے جن میں ملکی امیدواروں کے ساتھ غیر ملکی امیدوار بھی شامل تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کو ہیڈ کوچ بنانے کا فیصلہ ہو چکا ہے، وہ پری سیزن کیمپ کے کمانڈنٹ بھی ہیں اور انہوں نے نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے پی سی بی کے تھنک ٹینک کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں بھی کر لی ہیں۔

بولنگ کوچ کے لیے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس مضبوط امیدوار ہیں، اُنہیں مصباح الحق کے ساتھ کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں، وقار یونس بورڈ کو انٹرویو دینے کے بعد آسٹریلیا واپس جا چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی ہائی پروفائل بیٹنگ کوچ کا اعلان نہیں کیا جا رہا، پی سی بی فی الوقت اپنے کوچز سے ہی کام لے گا، ان میں سے منصور رانا کا نام زیرِ گردش ہے۔

تازہ ترین