• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتضیٰ وہاب آفتاب صدیقی کو لینڈ فل سائٹ لے گئے

کراچی میں کچرا صحیح طریقے سے ٹھکانے نہ لگائے جانے پر پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے آفتاب صدیقی کے چیلنج پر مرتضیٰ وہاب انہیں جام چاکرو لینڈ فل سائٹ لے گئے۔

کراچی میں کچرے کے مسئلے پر سیاست اور بیان بازیوں کا سلسلہ جاری ہے، پی ٹی آئی کے ایم این اے آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی کا کچرا بہتر طریقے سے ٹھکانے نہیں لگایا جا رہا۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے آفتاب صدیقی کو جام چاکرو لینڈ فل سائٹ کا دورہ کرا دیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ یہاں کچرا جمع ہو رہا ہے، لیکن ٹھکانے نہیں لگ رہا، ایسا لگتا ہے کہ یہاں ایک بڑی کچرا کنڈی بنائی گئی ہے۔

اس موقع پر ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ آفتاب صدیقی سے گزارش کی تھی کہ یہاں کا وزٹ کریں۔

انہوں نے کہا کہ جام چاکرو میں کل کی تاریخ میں 252 ڈمپر آئے ہیں، لینڈ فل سائٹ تک کچرا پہنچے گا تو شہر سے کچرے کا صفایا ممکن ہوگا، یومیہ بنیادوں پر 12 سے ساڑھے 12 ہزار ٹن کچرا جمع کیا جاتا ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اپنا کام پورا کر دیا، اب وفاق بھی اپنا وعدہ پورا کرے، سندھ حکومت تمام کام کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچرے پر سیاست ہو رہی ہے اور خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، محرم الحرام کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کو کچرے سے صاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تازہ ترین