• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان بولرز کی تلاش، صلاحیتیں نکھارنا بھی وقار کی ذمہ داری

 کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور ماضی کے عظیم ٹیسٹ فاسٹ بولر وقار یونس بہت جلد اپنے اہل خانہ کے ساتھ سڈنی سے لاہور منتقل ہوجائیں گے۔ پی سی بی نے وقار یونس سےبیس لاکھ روپے ماہانہ کا پرکشش معاہدہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار یونس پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولروں کے علاوہ قومی اکیڈمی میں کام کریں گے اور ڈومیسٹک میچوں میں بھی جائیں گے قومی سیزن کے دوران وہ نوجوان ٹیلنٹ کو تلاش کریں گے جہاں ان پر قومی اکیڈمی میں مزید کام کیا جائے گا۔ مصباح الحق اور وقار یونس اس سے قبل بھی مئی 2014 سے اپریل 2016 تک ایک ساتھ قومی ٹیم کے لیے ذمہ داریاں نبھاتے رہیں ہیں تاہم اُس وقت مصباح الحق کپتان اور وقار یونس ہیڈ کوچ تھے۔ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ میں بھی مصباح الحق بطور کپتان اور وقار یونس بطور بولنگ کوچ اور ڈائریکٹر اپنی ذمہ داریاں ایک ساتھ نبھا چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وقار یونس نے کمنٹری کے اسائنمنٹ چھوڑ کر پاکستانی بولروں کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دی۔ وہ کئی سالوں سے سڈنی میں رہتے ہیں۔ وقار یونس اپنی اہلیہ ڈاکٹر فریال ،دو بیٹیوں اور بیٹے کے ساتھ اب مستقل لاہور منتقل ہورہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے معاہدہ کرنے سے قبل مصباح الحق نے ہر قسم کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے اور اب مستقبل میں وہ کوچ کی حیثیت سے دکھائیں دیں گے۔ پاکستانی کرکٹ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے عہدے بیک وقت کسی ایک شخص کے سپرد کیے گئے ہیں۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ جب آپ کے پاس طاقت آتی ہے اور فیصلہ لینے کی ذمہ داری آتی ہے تو آپ کا امتحان ہوتا ہے میری کوشش ہو گی کہ پاکستان میں کرکٹ کے ڈھانچے میں نیچے تک پیشہ وارانہ مہارت لا سکوں۔ حال ہی میں کرکٹ کمیٹی سے استعفیٰ دینے والے مصباح الحق آئندہ 3سال تک اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔ 

تازہ ترین