میہڑ (نامہ نگار) دادو ٹریزری آفس میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ،نیب کے چھاپے میں سابق ڈسٹرکٹ ٹریزری آفیسر گرفتار تحقیقات شروع۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ٹریزری آفس دادو میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے ، اس سلسلے میں بتایا جاتا ہے کہ ٹریزری آفس دادو میں مختلف محکموں کے ملازمین کے جی پی فنڈز ، پینشن ،ریسٹوریشن ،ڈفرنس بلز سمیت دیگر بلز میں کروڑوں روپپے کی ٹریزری افسران نے اپنے من پسند ایجنٹوں کی معرفت کرپشن کی ہے ،اس حوالے سے نیب نے تحقیقات شروع کرکے جامشورو میں گذشتہ روز چھاپہ مار کر سابق دادو ڈسٹرکٹ ٹریزری آفیسر کو گرفتار کرلیا ہے ، جبکہ ٹریزری کے10 سے زائد ایجنٹوں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں ،جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب آفیسر کے مطابق گرفتار سابق ڈسٹرکٹ آفیسر پر الزام ہے کہ اس نے گذشتہ 6 برس میں ڈسٹرکٹ آفس ٹریزری دادو میں ڈیوٹی کے دوران بڑی کرپشن کی ہے ، اس نے کرپشن کی رقم میں سے تحصیل دادو میں سینکڑوں ایکڑ زرعی زمین خرید ی ہے،اور ٹنڈو محمد خان میں دو سو ایکڑزمین بھی خریدی ہے ، اس کے علاوہ اس نے دادو میں 6 سے زائد بنگلے ، گھر اور پلاٹس بنا لیئے ہیں ، اور بینک بیلنس بھی بنایا ہے، اس کی تعیناتی کے دوران 10 سے زائد اس کے مقرر کردہ ایجنٹ بھی کرپشن میں ملوث ہیں، انہوں نے بھی جائیداد بنالی ہے ،ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ٹریزری آفیسرپر الزام ہے کہ اس نے اپنے تبادلے کے بعد اپنے ایجنٹوں کی معرفت ایک ٹریزری آفیسر الطاف احمد منگی سے جھگڑا بھی کیا ہے، اور دوسرے ٹریزری آفیسر محمد علی پہنور کوایک الزام میں گرفتار بھی کرایا ہے ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دو ماہ قبل مذکورہ افسر کا دادو سے جامشورو تبادلہ ہوا تھا ،جہاں نیب ٹیم نے چھاپہ مارکر اسے گرفتار کرلیا ہے، نیب ٹیم کے ڈپٹی ڈائریکٹر اوصاف علی ٹالپور نے صحافیوں کو بتایا کہ کروڑوں روپے کی کرپشن کی لسٹ موجود ہے تفتیش کررہے ہیں ملوث ملزمان کو گرفتار کر رہے ہیں ، جبکہ بعد میں نیب ٹیم مذکورہ افسر کو اپنے ساتھ کراچی لے گئی ، دوسری طرف ٹریزری آفس دادو میں مذکورہ افسر کی گرفتاری کی اطلاع پر ملازمین میں کھلبلی مچ گئی ،اور ملازمین نے احتجاج بھی کیا۔