• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو ایل این جی کی قیمت بھی بڑھ جائیگی،شاہد خاقان

کراچی(ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ایل این جی پائپ لائن گیس سے سستی ہے، پاکستان قطر سے انڈیا سے کم قیمت پر گیس لے رہا ہے، تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو ایل این جی کی قیمت بھی بڑھ جائے گی،ڈسٹرکٹ کرک میں کھلے عام گیس چوری ہورہی ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گیس چوری کے معاملے پر اپنی بے بسی کا اظہار کرچکے ہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر اور پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والابھی شریک تھے۔اسد عمر نے کہا کہ صرف کرک میں ہی نہیں پنجاب میں بھی گیس چوری کی جارہی ہے، قطر سے ایل این جی کا معاہدہ حکومت کا کوئی بڑا کارنامہ نہیں ہے، موجوہ حالات میں اسے مناسب معاہدہ کہا جاسکتا ہے، دنیا میں گیس کی قیمتیں زمین پر آگئی ہیں لیکن پاکستان میں قیمت بڑھ گئی ہے۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ حکومت کے تمام وزراء فلورآف دی ہاؤس پر آکر جھوٹ بولتے ہیں، حکومت بڑے بڑے گیس چوروں کے نام سامنے لائے۔شاہد خاقان عباسی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس چوری کو صوبائی مسئلہ نہ بنایا جائے، دو سال میں ایک کھرب سات ارب مکعب فٹ گیس ضائع ہوئی ہے جس میں 7فیصد ٹیکنیکل لاسز جبکہ چار فیصد چوری ہے،ڈسٹرکٹ کرک میں کھلے عام گیس چوری ہورہی ہے، کرک میں ناجائز کنکشن کاٹا تو مقامی انتظامیہ اور پولیس کی نگرانی میں وہ کنکشن بحال کردیا گیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گیس چوری کے معاملے پر اپنی بے بسی کا اظہار کرچکے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گیس چوری کرنے والوں کیخلاف بلاتخصیص کارروائی کی جارہی ہے، ہزاروں گیس چوروں کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے، حکومتی اقدا ما ت کے نتیجے میں گیس چوری اور ٹیکنیکل لاسز میں کمی ہوئی ہے، گیس کی چوری پکڑنا بہت مشکل ہے، گیس چوری کا بوجھ صارفین پر نہیں کمپنی پر ڈالا جاتا ہے، دنیا کے جدید ترین میٹر لگانے کے باوجود گیس چوری نہیں روکی جاسکی، خیبرپختونخوا کے علاوہ کہیں سیمنٹ کمپنیوں کو گیس نہیں دے رہے ہیں۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ایل این جی پائپ لائن گیس سے سستی ہے، ہماری ایل این جی ایرانی گیس اور تائپی سے زیادہ سستی ہے، پاکستان قطر سے انڈیا سے کم قیمت پر گیس لے رہا ہے، انڈیا نے قطر سے دوبارہ معاہدہ کر کے ایک ملین ٹن گیس بڑھادی ہے، ایل این جی آنے کے بعد انڈسٹری کو چوبیس گھنٹے گیس فراہم کی جارہی ہے، ایل این جی کی مدد سے ملک میں توانائی بحران ختم کردیں گے، پوری دنیا تسلیم کرتی ہے پاکستان نے ایل این جی کا سب سے سستا معاہدہ کیا ہے، اگر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو ایل این جی کی قیمت بھی بڑھ جائے گی،ایل این جی پر پورے پاکستان میں پانچ فیصد جی ایس ٹی ہے، میں نے نیب چیئرمین کو خط لکھا کہ ایل این جی کے حوالے سے کوئی مسئلہ ہے تو میں ذاتی طور پر ذمہ دار ہوں۔اسد عمر نے کہا کہ صرف کرک میں ہی نہیں پنجاب میں بھی گیس چوری کی جارہی ہے، ضائع ہونے والی تمام گیس چوری نہیں ہورہی بلکہ سسٹم کی خرابی کی وجہ سے بھی ضائع ہورہی ہے ، گیس چوروں کو جیل میں ڈالا جائے تو چوری میں کمی آئے گی، شاہد خاقان عباسی پنجاب کے نہیں وفاقی وزیر ہیں، اگر خیبرپختونخوا میں کوئی کمپنی گیس چوری کررہی ہے تو بھی انہی کی ذمہ داری بنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قطر سے ایل این جی کا معاہدہ حکومت کا کوئی بڑا کارنامہ نہیں ہے، موجوہ حالات میں اسے مناسب معاہدہ کہا جاسکتا ہے، حکومت کی خوش قسمتی ہے کہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں تیل اور گیس کی قیمتیں کم ترین سطح پر ہیں، پاکستان میں پہلی دفعہ یوریا کی قیمت عالمی منڈی سے زیادہ ہے، دنیا میں گیس کی قیمتیں زمین پر آگئی ہیں لیکن پاکستان میں قیمت بڑھ گئی ہے۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ حکومت بڑے بڑے گیس چوروں کے نام سامنے لائے، گیس یا بجلی کی بڑی چوری انڈسٹریل سیکٹر میں ہوتی ہے، گیس کمپنیوں کی مدد کے بغیرگیس چوری نہیں ہوسکتی ہے، حکومت نے ایل این جی معاہدہ برینٹ کروڈ کی جگہ جاپان کروڈ پر کیوں نہیں کیا، حکومت کے تمام وزراء فلورآف دی ہاؤس پر آکر جھوٹ بولتے ہیں، سندھ میں ابھی تک ایل این جی پر جی ایس ٹی 17فیصد ہے، قطر سے ایل این جی معاہدہ میں شفافیت ہے تو شاہد خاقان عباسی اسے نیب سے کلیئر کروانے کیوں گئے۔
تازہ ترین