مسلم لیگ نون کے رہنما اور انٹرنیشنل کانفرنس آن ایشین پولیٹیکل پارٹیز کے وائس چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ فوری طور پر رک جانا چاہیے۔
انٹرنیشنل کانفرنس آن ایشین پولیٹیکل پارٹیز نے مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور اقوام متحدہ کی قراردوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہونے والی اس کانفرنس میں دنیا کے 19 ملکوں کی 31 سیاسی جماعتیں شریک ہوئیں۔
مشاہد حسین سید نے کانفرنس میں منظور ہونے والی قرارداد کو پڑھتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ فوری طور پر رک جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا اصول ختم ہو چکا، اب صرف جو حق پر ہے وہی درست ہے کا اصول چلے گا۔
سینیٹر مشاہد حسین سید نے یہ بھی کہا کہ دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے اکیسویں صدی ایشیائی مملک کی ہے۔
تنظیم کے انتخابات میں پاکستان کے مصطفیٰ حیدر کو یوتھ ونگ کا نائب چیئرمین اور سینیٹر نزہت صادق کو ویمنز ونگ کی نائب چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔