سبی(خ ن) کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل احمد اور ڈپٹی کمشنر سبی سید زاہد شاہ نے اپنے پیغام میں کہا ہےکہ محرم الحرام کا مہینہ مسلمانوں کو ایثار کا درس دیتا ہے اس ماہ میں نواسہ رسولﷺ کی وہ عظیم قربانی ہے جس نے اسلام کی رگوں میں نیا خون اور حرارت پیدا کی ایک عظیم مقصد کے لئے شہدائے کربلا نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اسلام کی حرمت وتقدس کی حفاظت کی انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام علماء بھائی چارے کی فضا کو بر قرار رکھتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مشکوک افراد پر سخت نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوس کے روٹس پر دکانوں اور مکانوں کو بھی سیل کیاجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران 500 سے زاہد پولیس،ایف سی اور بلوچستان کانسٹیبلری کے جوان فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ مختلف چوکوں اور مقامات پر پولیس اور ایف سی کے اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں امن وامان برقرار رکھنے اور جلوس کے دوران پولیس اور ایف سی کے جوان گشت بھی کرتے رہینگے۔