راولپنڈی(نمائندہ جنگ) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ نے ملاقات کی،باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی عرب کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔دی عرب کے ملٹری ایڈوائزرنے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات بھی کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تربیت ،دفاعی تعاون اور ٹریننگ ایکسچینج پروگرام پر بھی بات چیت کی گئی،ملاقات میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے۔اس موقع پر سعودی عرب کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ نے کہا کہ پاک فوج کا علاقائی امن واستحکام کیلئے کلیدی کردار ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج سعودی بری فورسزکی استعدادکار میں اضافے کیلئے مکمل تعاون کرے گی ۔ دریں اثناءچیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا اور لیفٹیننٹ جنرل خاور رحمان کو اے ایم سی کے کمانڈنٹ کے بیجز لگائے۔ سبکدوش ہونے والے کرنل کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل (ر) زاہد حامد، آرمی میڈیکل کور کے حاضر اور ریٹائرڈ افسران و سپاہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی میڈیکل کور کے کمانڈنگ افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی جانیں بچانے پر اے ایم سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان آرمی اور عام شہریوں کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی پر ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خدمات اور کردار کی بھی تعریف کی۔ قبل ازیں آمد پر چیف آف آرمی سٹاف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔