• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور برطانیہ امن کیلئے پارٹنر ہیں، جنرل زبیر محمود حیات

لندن (جنگ نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی (جے سی ایس سی) جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ امن کیلئے پارٹنر ہیں اور عالمی سیکورٹی اور امن کیلئے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے اپنے اور اپنے وفد کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شرکا کو علاقائی سلامتی کے حالات، کشمیر کی صورتحال اور افغانستان میں امن کیلئے اقدامات کا جائزہ پیش کیا، انہوں نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کے بارے میں حاضرین مجلس کو آگاہ کیا۔ قبل ازیں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے پاکستانی کمیونٹی کو ایک مضبوط ستون قرار دیا اور برطانوی معیشت، معاشرہ اور پاکستان کی معاشرتی اقتصادی ترقی میں اپنے فرائض ادا کرنے کیلئے پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کی۔ تقریب میں برطانوی ارکان پارلیمنٹس، سینئر حکومتی عہدیدار، پاکستان کے دوست ممالک کے سفرا اور سفارتکاروں، مختلف پاکستانی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ نفیس زکریا نے ضمیر چوہدری کو ہائوس آف لارڈز کا رکن بننے پر مبارک باد دی اور گلدستہ پیش کیا۔ اس تقریب کا انعقاد ڈیفنس اینڈ سیکورٹی ایکوئپمنٹ انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کیلئے دورہ کرنے والے پاکستانی دفاعی وفد کے اعزاز میں کیا گیا تھا۔

تازہ ترین