• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھائونی بنادیا، سمیرا رزاق

بولٹن (ابرار حسین) کشمیر ورکر ایسوسی ایشن ویمن ونگ کی چیئرمین سمیرا رزاق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کرکے نہتے اور مظلوم کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے۔ عیار اور مکار حکومت نے اپنی آہنی حدود کو پائوں تلے روندھ کر مقبوضہ کشمیر کی شناخت ختم کرنے کے لئے5اگست کو شروع کی گئی مہم میں مقبوضہ کشمیر کے ہر شہر و قصبے میں جگہ جگہ چھاپے مار کر نوجوان کشمیریوں کو یرغمال بنا کر نامعلوم مقامات کی جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی واضح مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’جنگ، جیو‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے کشمیری عوام کو کرفیو کے نیچے اپنی زندگیاں گزارنے پر مجبور کیا جاچکا ہے، جس کی انہوں نے مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری یہ تمام تر منظر دیکھنے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، شہیدوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ بھارت کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کا وقت آن پہنچا ہے، آج نہیں تو کل ایسا ہوکر رہے گا۔ انہوں نے کہا، بھارت سامراجی قوتوں کی آڑ میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف وادی میں خون کی ہولی کھیل کر ہندو ازم کو جس طرح ہوا دے رہا ہے جلد ہی اس آگ میں مودی سرکار کی چتا جلے گی، جس کا کریا کرم کرنے والا کوئی موجود نہیں ہوگا۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے اسی نشے میں پاکستان کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کرنے کی کوشش کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے، پوری قوم کو اپنی فوج پر فخر ہے، بھارتی حکومت کو یاد رکھنا چاہئے کہ اب اس کا مقابلہ ایٹمی پاکستان سے ہوگا، انہوں نے کہا، کشمیری بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی چاہتے ہیں اور آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستانی و کشمیری قوم مل کر ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لئے بہادر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے، خون کا آخری قطرہ بہاکر تاریخ عالم میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی۔
تازہ ترین