• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی انگلستان میں بھی یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) دنیا بھر کی طرح شمالی انگلستان میں بھی یوم عاشور پورے مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ محرم کا چاند نظر آتے ہی ویسٹ یارکشائر کی تمام امام بارگاہوں میں مجالس منعقد کی گئیں اور صبرو رضا کے پیکر حسینؓ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے علماء نے دور حاضر کی یزیدیت جو مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ کے زائد عرصہ سے بپا ہے کے خلاف بھی بھرپور احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام سیدنا امام حسینؓ اور یزید کے فکر و فلسفہ میں فرق یہ ہے کہ یزید بربریت کا نام ہے۔ جبکہ امام حسین ؓ انسانیت کا استعارہ ہیں۔ کاؤنٹی بھر میں مجالس عزا کے سب سے بڑے اجتماعات بریڈفورڈ میں ہوئے اور بریڈفورڈ کی تینوں بڑی امام بارگاہوں کے ساتھ لیڈز، کیھتلے، ہیلی فیکس، ہڈرزفیلڈ، ویکفیلڈ، رادھرم اور شفیلڈ سے آئے ہوئے شیعان حیدر کرار نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کاؤنٹی کی سب سے بڑی امام بارگاہ حسینیہ اسلامک مشن میں علامہ سید اختر عباس زیدی ،علی اصغر خمینی کے علاوہ دیگر ذاکرین نے مجالس پڑھیں جبکہ یوم عاشور کا مرکزی جلوس بھی اسی امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں آل سینٹس روڈ، لسٹریج لین اور گریٹ ہارٹن سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوا۔ ہزاروں کی تعداد میں ماتمی جلوس میں شریک عزادار ذوالجناح کے ساتھ مختلف ٹولیوں میں چلتے رہے، وقفے وقفے سے رک کر سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے رہے، سب سے آگے علم کے سایہ میں علمائے اکرام اور مشن کے بزرگ اراکین تھے جبکہ خواتین کا گروہ سب سے آخر میں سلام پیش کرتے ہوئے عزاداری کر رہا تھا۔ پولیس اور طبی امداد فراہم کرنے والے تمام وقت جلوس کے ساتھ رہے تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ جلوس کے ساتھ ساتھ عزاداروں کو پانی اور دودھ پلانے کیلئے سبیل کے ٹرک بھی چلتے رہے۔ جلوس کے بیشتر راستوں پر ٹریفک ایک طرف سے بند کردی گئی تھی۔
تازہ ترین