• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ظالموں کے خلاف آواز بلند کرتا رہوں گا، شاہد آفریدی

ظالموں کے خلاف آواز بلند کرتا رہوں گا، شاہد آفریدی


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و اسٹار آل راونڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ ہوں اور ظالموں کے خلاف آواز بلند کرتا رہوں گا۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس میں فنکار اور کھلاڑی بھی مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے موجود تھے۔

مشہور گلوکار فاخر نے ’انڈیا جا جا کشمیر سے نکل جا‘ اور ساحر علی بگہ نے ’پاکستان زندہ باد‘ گایا تو مظفر آباد میں ان کے ساتھ بچوں اور بڑوں نے بھی آواز سے آواز ملائی۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے، وہ اس کے لیے کشمیر ی مسلمانوں کے ساتھ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شاندار استقبال پر آزاد کشمیر کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں،  دنیا کے کسی بھی کونے میں ظلم ہوگا ہم اس کے خلاف آواز بلند کریں گے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ جب تک ہم ایک قوم نہیں بنیں گے یہ لوگ ہم پر اسی طرح ظلم کرتے رہیں گے۔

فلم اسٹار جاوید شیخ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام فنکار یہاں کشمیر کی محبت میں آئے ہیں، پاکستان کا ہر بچہ، جوان، بوڑھا کشمیر کاز کے ساتھ ہے، ہم آخری دم تک آپ کے ساتھ رہیں گے۔

اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ کشمیری بھائی جس تکلیف میں ہیں ہم انہیں اس سے ضرور نکالیں گے۔

تازہ ترین