• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی چینلز اور مواد کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے، چیئرمین پیمرا

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے ہدایت کی ہے کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انڈین چینلز اور انڈین مواد کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔بلوچستان میں غیرقانونی انڈین چینلز، ڈی ٹی ایچ اور انڈین مواد کے خلاف جاری مہم اور ریجنل آفس کی کارکردگی کے معائنے کیلئے پیمرا ریجنل آفس کوئٹہ کا دورہ کیا۔ ریجنل انچارج کامران زیب نے بلوچستان ریجن کی لائسنسنگ، قوانین کے نفاذ،غیر قانونی انڈین چینلز /ڈی ٹی ایچ /انڈین مواد کے خلاف کارروائی اور دیگر عملی وپیشہ ورانہ سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔اس دورہ کے موقع پر چیئرمین پیمرا نے کونسل آف کمپلینٹس کے ممبران اور بلوچستان کے کئی علاقوں بشمول کوئٹہ، مستونگ، پشین، لورہ لائی، سبی، حب، ژوب کے کیبل آپریٹرز، ایف ایم ریڈیو زاور سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کے نمائندگان سے ملاقات کی۔ چیئرمین پیمرا نے تمام کیبل آپریٹرز، ایف ایم ریڈیوز اور ٹیلی ویژن چینلز کے نمائندگان کی صوبے میں میڈیا کے فروغ اور عوام تک تفریح اور انفارمیشن کی فراہمی کیلئے کی جانیوالی کاوشوں کو سراہا۔ چیئرمین پیمرا نے صوبہ بھر میں غیرقانونی سرگرمیوں کیخلاف کیبل آپریٹرز کی ذمہ دارانہ پالیسیوں کو بھی سراہا اور حالیہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے انہیں انڈین چینلز اور انڈین مواد کے خاتمے سے متعلق احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرنے اور اپنی نشریات کو قوانین کےمطابق بنانے کی ہدایت کی اورکہاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں پیمرا سخت اقدامات کرنے کا مجاز ہو گا اور خلاف ورزی کی صورت میں ادارہ کیبل آپریٹرز کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کرے گا۔چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے مسائل سننے کے بعد ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر تمام کیبل آپریٹرز یونین کے عہدیداران اور سٹیک ہولڈرز نے چیئرمین پیمرا کے اس ا قدام کو سراہا اور شکریہ ادا کیا کہ پیمرا کی تاریخ میں پہلی بار کسی چیئرمین نے بلوچستان آکر اسٹیک ہولڈرز کے مسائل سنے اور انہوں نے بھی اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ اس مہم میں پیمرا کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ چیئرمین پیمرا نے کوئٹہ آفس کے افسروں سے کہا کہ وہ پیمرا قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور ساتھ ساتھ اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ و مشاورت کو یقینی بنائیں اور انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید کیا کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انڈین چینلز اور انڈین مواد کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے کیونکہ یہ مواد ہماری مذہبی ، معاشرتی اور سماجی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتا ۔اس موقع پرایگزیکٹوممبر پیمرااشفاق جمانی، ڈائریکٹر جنرل(آپریشنز) محمد فاروق، ڈائریکٹر جنرل( ایڈمن) حاجی آدم، جنرل منیجر (آپریشنز/میڈیاو تعلقاتِ عامہ) محمد طاہر و دیگر پیمرا افسران بھی ان کے ساتھ تھے۔

تازہ ترین