• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوجر خان سے دارالامرا تک سفر، ضمیر چوہدری کی کامیابیوں کی متاثر کن کہانی

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) برطانوی ارب پتی بزنس مین ضمیر چوہدری نے کہا ہے کہ ہائوس آف لارڈز کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھاتے وقت وہ راولپنڈی کے نزدیک ایک چھوٹے سے دیہات گوجر خان سے اپنے نیازمندانہ تعلق کو یاد رکھیں گے اور کبھی بھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔ کنزرویٹیو بنچز پر ہائوس آف لارڈز کا رکن مقرر کئے جانے کےبعد لارڈ ضمیر چوہدری نے اس نمائندہ سے اپنے پہلے انٹرویوکے دوران ماضی میں جھانکتے ہوئے مزدور طبقہ کا پس منظر رکھنے والی اپنی فیملی کے ہمراہ 12 سال قبل برطانیہ آمد کی یادیں تازہ کیں۔ واضح رہے کہ لارڈ ضمیر چوہدری ارب پتی سر انور پرویز کے بھتیجے ہیں، جنہوں نے برطانیہ آنے کے بعد بس کنڈیکٹری کی، بعد ازاں ایک کارنر شاپ کھولی اور بالآخر اپنی فیملی کی مدد سے ملٹی بلین پونڈز مالیتی کیش اینڈ کیری برنس کی سلطنت کھڑی کر دی۔ ملکہ عالیہ برطانیہ نے ٹریڈ انڈسٹری میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں بہادری (نائٹ ہڈ) کا خطاب عطا کیا۔ لارڈ ضمیر چوہدری کا کہنا ہے کہ ’’میں فخریہ کہتا ہوں کہ ہم دیہاتی ہیں‘‘۔ میرا تعلق راولپنڈی کے نزدیک ضلع گوجر خان میں واقع ایک گائوں سے ہے، جسے تھاتھی کہتے ہیں۔ ہم تھاتھی سے برطانیہ آئے۔ 12 سال کی عمر میں جب میں برطانیہ آیا تو اس وقت تک میں نے گوجر خان بھی نہیں دیکھا تھا۔ میں نے اپنی زندگی کا ایک مقصد بنایا کہ پورے خلوص کے ساتھ سخت محنت کرنی ہے۔ ہم صاف دل لوگ ہیں، جو اس یقین کے ساتھ پلے بڑھے کہ صرف محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی تعلیم میں نے اپنے بچوں کو دی ہے کہ سخت محنت کرو تو اللہ پاک تمہاری مدد کرے گا۔ لارڈ چوہدری فی الوقت ایک گروپ ’’کنزرویٹیو فرینڈز آف پاکستان‘‘ کے سربراہ ہیں، جس کے قیام کا مقصد پاکستانی کمیونٹی میں کام کرتے ہوئےکنزرویٹیو پارٹی کے پلیٹ فارم سے برطانوی سیاست میں پاکستانیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔ دو ماہ قبل وہ کنزرویٹیو پارٹی چیئرمین کی عمران خان سے ملاقات کروانے کیلئے پاکستان لے گئے تھے۔ لارڈ چوہدری نے کہا کہ وہ ٹوری ہائوس کے لارڈز رکن کی حیثیت سے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ بیسٹ وے کے سی ای او ضمیر چوہدری نے بتایا کہ ان کی فیملی نے چھوٹا سا بزنس شروع کیا تھا جو پھلا پھولا اور اسے وسعت ملی، ہم نے آمدنی پر ٹیکس ادا کیا اور ترقی جاری رکھی۔ ہم اب برطانیہ میں دوسرا سب سے بڑا ہول سیل بزنس ہیں۔ ہمارے 800 بیسٹ وے ریٹیل سٹورز ہیں۔ ہمارے اپنے فارمیسی اور پراپرٹی کے بزنسز ہیں۔ پاکستان میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ اور بیسٹ وے سیمنٹ ہماری ملکیت ہیں۔ برطانیہ میں ہمارے ملازمین کی تعداد 15000 جبکہ پاکستان میں تقریباً 23000 ہیں۔ لارڈ ضمیر چوہدری نے بتایا کہ ان کے بزنس گروپ نے برطانیہ اور پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے بھاری رقوم کے عطیات دیئے ہیں، تاکہ مستحق افراد کی تعلیم کے حصول میں مدد کیلئے شرعی ذمہ داری پوری کی جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے گروپ نے بریڈفورڈ، کینٹ اور آکسفورڈ جیسی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کےلئے پاکستان سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کو 500 سے زائد سکالر شپس دی ہیں۔ حال ہی میں 20 سکالر شپس این یو ایس ٹی کو دی گئی ہیں۔

تازہ ترین