• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور یورپ میں تعلیم عام کرنے کےمشن پر عمل پیرا ہیں، عامر محمود

ایتھنز (مرزا رفاقت حسین) نجی تعلیمی ٹرسٹ کے ڈائریکٹر سید عامر محمود نے کہا ہے کہ ہم ٹرسٹ کے ذریعے پاکستان کے شہروں، دیہی علاقوں سے لے کر یورپ تک تعلیم کو عام کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہیں اور اس تعلیمی نیٹ ورک کے بارے میں آگاہی مہم شروع کی ہے۔ اسی حوالے سے یونان آئے ہیں اور صحافی برادری سے ملاقات بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سے یورپ کے دورہ پرآئے سید عامر محمود نے مقامی ریسٹورنٹ میں اسلامک فورم گریس کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا ناخواندگی پاکستانی معاشرہ کو بربادی کی طرف لے کر جارہی ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے، بدقسمتی سے کسی بھی جمہوری حکومت اور فوج کے ادوار میں اس طرف توجہ نہیں دی گئی۔ ہمارا ٹرسٹ پاکستان کے چاروں صوبوں بڑے شہروں سے لے کر دیہی علاقوں تک اپنے طور پر تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے پاکستان میں کروڑوں بچے آپ کی توجہ کے منتظر ہیں یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمارے نیٹ ورک سے ناروے، ڈنمارک، لندن میں بچے تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ ہم یونان کے ساتھ دیگر یورپین ممالک میں پاکستانی بچوں کو تعلیم کے مواقع مہیا کر نے کے مشن پر عمل پیرا ہیں۔ اس موقع پر ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری اور یورپ میں کوآرڈینیٹر تحریک کشمیر کے نائب صدر حافظ محمد طیّب نے یورپ میں تعلیم کے شعبہ میں ٹرسٹ کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور کشمیر میں جاری ظلم و دہشت گردی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پر فرض ہے کہ اقوام متحدہ و دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت میڈیا کو اس مقبوضہ کشمیر کے بارے میں آگاہ کریں۔ حکومت پاکستان نے کشمیریوں کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں ان پر اسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔صدر اسلامک فورم گریس چوہدری عنایت اللہ،جنرل سیکرٹری طاہر عثمانی، چوہدری بشیر نے شرکا کا عشائیہ میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ آخر میں عالم اسلام اور پاکستان کے لئے دعا کی گئی۔
تازہ ترین