• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی تنصیبات پر حملے کا ذمہ دار ایران، امریکا، تہران کی تردید، ٹرمپ کی محمد بن سلمان کو مدد کی پیشکش

واشنگٹن /تہران (جنگ نیوز)امریکا نے الزام عائد کیا کہ سعودی عرب میں دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی آرامکو کے 2پلانٹس پر ہونے والے ڈرون حملوں میں ایران براہ راست ملوث ہےتاہم ايران نے امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو کے الزامات کو مسترد کر ديا ہے۔ایران کے وزیرِ خارجہ جواد ظریف نے امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کے اس الزام کو ’صریحاً دھوکے بازی’ قرار دیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ سعودی عرب میں ہفتے کو ہونے والے ڈرون حملوں میں ایران ملوث ہے۔ دوسری جانب ٹیلی فونک گفتگو میں امریکی صدر نے سعودی ولی عہد کو تیل تنصیبات کے تحفظ کیلئے مدد کی پیشکش کی ہے۔رپورٹ کے مطابق تیل تنصیبات پر حملے کے بعد دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے،علاوہ ازیں امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے بھی ایران پر الزام لگاتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سعودی تنصیبات پر ڈرون حملوں کے جواب میں ایرانی آئل تنصیبات پر بمباری کی جانی چاہیے۔تفصیلات کے مطابق امریکا نے الزام عائد کیا کہ سعودی عرب میں دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی آرامکو کے 2 پلانٹس پر ہونے والے ڈرون حملوں میں ایران براہ راست ملوث ہے۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے الزام لگایا کہ ایران سعودی عرب میں تقریباً 100 حملوں میں ملوث ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’لیکن دوسری جانب روحانی (ایرانی صدر) اور ظریف (ایرانی وزیرخارجہ) سفارتکاری کا بہانہ کرتے ہیں‘۔مائیک پومپیو نے الزام عائد کیا کہ کشیدگی ختم کرنے کی تمام تر کوششوں کے باوجود ایران نے ’دنیا کی توانائی سپلائی‘ پر حملہ کیا۔

تازہ ترین