بدنام امریکی فنانسر جیفری ایپسٹین کے سابق فارم ہاؤس سے متعلق ایک چونکا دینے والا دعویٰ سامنے آیا ہے، جس میں ایک شہری نے مبینہ طور پر قبروں جیسے گڑھے دیکھنے کا انکشاف کیا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹس کے مطابق ایک نامعلوم شخص نے تصاویر کے ساتھ یہ دعویٰ ریاستی قانون سازوں اینڈریا رومیریو اور ماریانا انایا کو بھیجا، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ 2020ء میں غیر قانونی طور پر ایپسٹین کے زورو رینچ میں داخل ہوا اور وہاں کھدائی شدہ متعدد مقامات دیکھے جہاں سے مبینہ طور پر لاشیں نکالی جا چکی تھیں۔
ذرائع کے مطابق یہ معلومات نیو میکسیکو ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس کو بھی فراہم کی گئی ہیں اور حکام نے اس پر تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم ابھی تک کسی دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
اسی مقام سے متعلق ایک اور پرانا دعویٰ بھی سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ 2 غیر ملکی لڑکیوں کو فارم ہاؤس کے باہر دفن کیا گیا، لیکن اس دعوے کی بھی کبھی تصدیق نہیں ہو سکی۔
ریاستی اٹارنی جنرل راؤل ٹوریز نے حالیہ رپورٹس کے بعد اس کیس کی تحقیقات دوبارہ کھولنے کا حکم دیا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ وہ حقائق کی بنیاد پر ہر پہلو کا جائزہ لیں گے۔
واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین 2019ء میں جیل میں مردہ پایا گیا تھا، جس کی موت کو خودکشی قرار دیا گیا تھا، جبکہ اس پر کم عمر لڑکیوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور اسمگلنگ کے سنگین الزامات تھے، اس کے نیومیکسیکو رینچ پر متعدد متاثرین نے بدسلوکی کے واقعات کا دعویٰ بھی کیا تھا۔