ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ نہیں لگتا کہ ایران کا جوہری نظریہ نمایاں طور پر تبدیل ہوگا، اس حوالے سے نئے سپریم لیڈر کے مؤقف کا انتظار کرنے کی ضرورت ہے۔
عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کے شہری علاقوں کے قریب حملوں کی ذمے داری امریکا پر عائد ہوتی ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی افواج نے فوجی اڈوں سے نکل کر شہری علاقوں اور ہوٹلوں میں منتقل ہونا شروع کردیا ہے، امریکی افواج کی منتقلی کے باعث ایسے مقامات بھی نشانے پر آئے جو آبادی کے قریب ہیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ جہاں جہاں امریکی افواج یا ان کی تنصیبات موجود تھیں انہیں نشانہ بنایا گیا، ممکن ہے نشانہ بنائے گئے کچھ مقامات شہری علاقوں کے قریب ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ان حملوں سے خطے کے ممالک اور ان کے عوام کو نقصان اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے، 28 فروری کو جنگ شروع کرنے کا الزام مکمل طور پر امریکا پر عائد ہوتا ہے۔