• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرآبپاشی نےضلع کرک میں ساڑھے36کروڑروپے لاگت کےآبپاشی بندکاسنگ بنیادرکھ دیا

پشاور (نیوز ڈیسک) وزیر آبپاشی خیبر پختونخوا لیاقت خان خٹک نے ضلع کرک میں ساڑھے 36کروڑ روپے لاگت کے آبپاشی بند کا سنگ بنیاد رکھ دیا جس کے ذریعے ترخہ الگڈہ کے نمکین پانی کا رخ کاشو الگڈہ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ یہ بند 593میٹر لمبا‘ 9میٹر اونچا اور 6میٹر چوڑا ہوگا اور اس سے کرک کی 6ہزار 7سو 50ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔ ضلع کرک کے عوام کی کئی عشروں پر محیط کاوشوں سے یہ اہم منصوبہ 3سال میں مکمل ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک‘ سابق صوبائی مشیر جیل خانہ جات ملک قاسم‘ محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام‘ عمائدین علاقہ اور عام لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر وزیر آبپاشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت کو ضلع کرک میں پانی کی کمی کی شدت کا احساس ہے اور اس اہم مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ضلع کرک میں 26ڈیموں کی فزیبلٹی مکمل ہوچکی ہے اور متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں مزید سروے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے کرک میں آبپاشی اور آبنوشی کے زیادہ سے زیادہ منصوبے شروع کئے جائیں تاکہ یہاں پر پانی کی کمی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔ بعد ازاں وزیر موصوف نے زڑہ گانڈی میں عوامی اجتماع جبکہ پریس کلب کرک میں میٹ دی پریس پروگرام میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب بھی دیئے اور انہیں کرک کی ترقی و خوشحالی کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایاکہ وہ کرک کی ترقی کیلئے اپنے آبائی ضلع نوشہرہ کی طرح کوشش کریں گے۔
تازہ ترین