• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین سنوکر چیمپئن حمزہ اکبر مالی پریشانیوں کا شکار

لندن (آصف ڈار) 2015ء میں پاکستان کے لئے ایشین سنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے سنوکر چیمپئن حمزہ اکبر ان دنوں شدید مالی بحران کا شکار ہو گئے ہیں اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب 20لاکھ پونڈ روپے کی وہ رقم اب تک نہیں ملی جس کا ملایشیا میں ایشین سنوکر شپ جیتنے کے بعد اعلان کیا گیا تھا۔ 22سالہ حمزہ اکبر ان دنوں دو سال کے سپورٹس ورک پرمٹ پر برطانیہ کے شہر اولڈہم میں ہیں اور 6اپریل کو شفیلڈ میں ہونے والی عالمی سنوکر شپ کھیلنے کا انتظار کر رہے ہیں تاہم مالی مشکلات کی وجہ سے وہ ذہنی دبائو کا شکار ہیں اور ان کے لئے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کی تیاری کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ حمزہ احمد کے حوالے سے اولڈہم سنوکر اکیڈمی کے محمد نثار نے جنگ لندن کو بتایا کہ اس سال جنوری میں پاکستانی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ حمزہ اکبر کی 20لاکھ روپے کی رقم دو ماہ میں ریلیز کرا دیں گے مگر وہ وعدہ بھی ابھی تک پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ اکبربرطانیہ میں اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور اس کھیل کو اپنا مستقبل بنانا چاہتے ہیں مگر مالی مشکلات کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کو چاہئے تھا کہ وہ حمزہ کی مدد کرے تاکہ حمزہ کے ذریعے پاکستان کا کھیلوں میں مزید نام روشن کیا جا سکتا مگر یہاں تو سب الٹ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ اکبر نے بارہا حکومت کو 20لاکھ روپے کے بارے میں یادہانی کرائی ہے مگر ان کی بات سنی نہیں جارہی۔ انہوں حمزہ اکبر اب پاکستانی ہائی کمشنر کے ساتھ مل کر ان کے ذریعے اپنی درخواست حکومت پاکستان تک پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ ان کی انعامی رقم واگزار ہوسکے اور حکومت خود بھی ان کی مدد کرسکے۔ حمزہ اکبر 2013ء اور 2015ء پاکستان سنوکر چیمپئن شپ بھی جیت چکے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ شفیلڈ میں ہونے والی عالمی سنوکر چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
تازہ ترین