• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینگی مچھر کے ڈنک نے پورے ملک کو اپنی زد میں لے لیا، کراچی، اسلام آباد، پشاور، لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، بہاولپور میں ڈینگی کے ہزاروں کیس سامنے آچکے ہیں۔

رواں سال پنجاب میں ساڑھے 4 ہزار افراد ڈینگی کا نشانہ بنے، 5 افراد جان سے چلے گئے، کراچی سمیت سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے اوپر چلی گئی، کراچی میں ڈینگی نے 8 افراد کی جان لے لی، صرف ستمبر میں کراچی میں 480 سے زائد افراد ڈینگی کا شکار بنے۔

‎کراچی میں ‎انسداد ڈینگی پروگرام کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں کی درجہ بندی جاری کی گئی ہے جس کے مطابق ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز ضلع غربی سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

دوسرے نمبر پر ضلع جنوبی ڈینگی کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، جبکہ ‎تیسرے نمبر پر ضلع وسطی میں ڈینگی مچھروں نے عوام کو اپنا نشانہ بنایا ہے، ضلع شرقی چوتھے، کورنگی پانچویں اور ضلع ملیر چھٹے نمبر پر ہے۔

راولپنڈی میں 24 گھنٹوں کے دوران 342 مریضوں میں ڈینگی بخار کی تشخیص ہوئی، ڈینگی بخار کے 222 مریضوں کا تعلق راولپنڈی اور 120 کا اسلام آباد سے ہے۔

پنڈی میں اب تک 1600 افراد ڈینگی کا شکار بن چکے ہیں، بہاولپور ریجن میں رواں سال 2 ہزار226 ڈینگی کے کیس رپورٹ ہوئے۔

ضلع رحیم یار خان میں اس سال ایک ہزار سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے، فیصل آباد میں مریضوں کی تعداد 37 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں مزید 125 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی، ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 638 تک پہنچ گئی، جبکہ صرف پشاور میں 61 اور مظفرآباد آزاد کشمیر میں 77 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

تازہ ترین