• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینگی کے 50 فیصد مریضوں کا تعلق سندھ سے ہے، فردوس عاشق

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر میں ڈینگی کے شکار افراد کی تعداد 15 ہزار ہے، ان میں سے 50 فیصد متاثرہ افراد صرف سندھ میں ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے انکشاف کیا کہ صرف سندھ میں ساڑھے 7 ہزار افراد ڈینگی کا شکار ہیں، جبکہ متاثرین کی بڑی تعداد کا تعلق کراچی سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بار سندھ میں زیادہ بارشیں ہوئی ہیں جس کے سبب پانی کھڑا رہا اور اس میں لاروے کی افزائش بہت تیزی سے ہوئی۔

فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ اس وبا پرقابو پانے کے لیے صوبائی حکومتیں ہنگامی اقدامات کر رہی ہیں، جبکہ وفاق معاونت اور نگرانی کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق ابھی تک کراچی سمیت سندھ میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے اوپر چلی گئی، کراچی میں ڈینگی نے 8 افراد کی جان لی ہے، صرف ستمبر میں کراچی میں 480 سے زائد افراد ڈینگی کا شکار بنے۔

‎کراچی میں ‎انسداد ڈینگی پروگرام کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں کی درجہ بندی جاری کی گئی ہے جس کے مطابق ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز ضلع غربی سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

دوسرے نمبر پر ضلع جنوبی ڈینگی کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، جبکہ ‎تیسرے نمبر پر ضلع وسطی میں ڈینگی مچھروں نے عوام کو اپنا نشانہ بنایا ہے، ضلع شرقی چوتھے، کورنگی پانچویں اور ضلع ملیر چھٹے نمبر پر ہے۔

تازہ ترین