اسلام آباد (طاہر خلیل)پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن ( پی آراے ) کے نومنتخب عہدیداران نے حلف اٹھا لیا، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہائوس میں منعقدہ پروقار تقریب میں ان سے حلف لیا، معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب میں خصوصی شرکت کی ، حلف اٹھانے والوں میں صدر بہزاد سلیمی ،سیکرٹری جنرل ایم بی سومرو،نائب صدر سہیل خان،جوائنٹ سیکرٹری صائمہ ملک، خزانچی انتظار حیدری، سیکرٹری اطلاعات علی شیر، اور گورننگ باڈی کے ممبران ذیشان شمسی، جاوید الرحمٰن، نوشین یوسف، اکرم عابد قریشی ، حافظ عبدالماجد، رانا احمد طلال ،نادر گورمانی ،زاہد یعقوب خواجہ، عاصم یسین ،رضوان یعقوب ڈھلوں شامل ہیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پی آراے پریس کلبوں سے بڑی اور تمام صحافتی تنظیموں سے طاقتور تنظیم ہے، اسکا اثرو رسوخ پوری پارلیمنٹ پر ہے جسے مزید وسعت دینگے، یقین دلاتا ہوں کہ میڈیا ٹریبونلز کے قیام کا بل اتفاق رائے کے بغیر منظور نہیں ہوگا ،جب بھی بل آئیگا، قائمہ کمیٹی میں اس پر غور کے دوران پی آر اے کی نمائندگی بھی ہوگی، سب سے بنیادی چیز میڈیا ورکرز کو تحفظ فراہم کرنا ہے اور صحافی دوست قانون بنے گا ، انکا کہنا تھا کہ خوشامد کرکے پارٹیوں میں عہدے لینے کا کلچر ختم ہونا چاہئے، سیاسی جماعتوں میں الیکشن کمیشن کی نگرانی میں انتخابات ہونے چاہیئں ، ہم اس وقت عبوری دور سے گزر رہے ہیں اگر ہماری حکومت نے کارکردگی نہ دکھائی تو وہ بھی نہیں چل سکے گی ۔