• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بین المذاہب ہم آہنگی ہر ملک کی ضرورت ہے، عبدالخبیر آزاد

میڈرڈ (شفقت علی رضا) بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد چیئرمین مجلس علما پاکستان میڈرڈ میں ہونے والی انٹر نیشنل امن کانفرنس میں شمولیت کے لئے سپین پہنچے، اس امن کانفرنس میں دنیا کے ایک سو ممالک کے نمائندے شرکت کررہے ہیں، مولانا عبدالخبیر آزاد نے امن کانفرنس میں شریک بہت سے نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دنیا بھر میں جاری امن کے لئے کوششوں پر بات چیت کی، اس موقع پر انہوں نے سینٹرل افریقہ کے صدر پروفیسر فاوسٹین آرچینج اور اسپین میں تعینات پاکستانی سفیر خیام اکبر سے بھی ملاقات کی اور انہیں پیغام پاکستان کتاب کا تحفہ پیش کیا ، امن کانفرنس میں شرکت کرنے والے وفد نے مختلف ممالک سے آئے ہوئے تقریباً دو سو نمائندوں سے ملاقات کی، مولانا عبدالخبیر آزاد نے امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بین مذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انٹر فیتھ ہارمنی اب ہر ملک کی ضرورت ہے، انہوں نے اپنے خطاب میں کشمیر میں جاری انڈین جارحیت اور سعودی عرب میں ہونے والے حالیہ حملے کے بارے میں دنیا کو توجہ دینے کا کہا، مولانا عبدالخبیر آزاد نے مسجد قرطبہ کا دورہ کیا اور وہاں کے اسلامک ڈائریکٹر محمد حنیف سے ملاقات کی۔ سپین کے نوجوان بزنس مین سرفراز سبحانی نے مولانا کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں سفیر پاکستان خیام اکبر سمیت دوسرے بہت سے معززین نے شرکت کی۔ روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ہم نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہونے والے ظلم و تشدد اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے حقوق کی پامالی کی طرف امن کانفرنس میں شریک ہونے والے نمائندوں کا دھیان دلایا ہے تاکہ سب مل کر انڈیا پر زور دیں کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے۔
تازہ ترین