• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی ہند کی ریاست کرناٹک میں ایک نوجوان نے PUBG  گیم میں شکست کے بعد گندے پانی کے نالے میں تیراکی کرنا شروع کردی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

کرناٹک کے علاقے وجے نگر سے تعلق رکھنے والےایک نوجوان نے  PUBG  آن لائن گیم میں اپنے دوستوں سے شکست کھائی جس کے بعد نوجوان نے علاقے کے گندے اور بدبُودار نالے میں تیراکی کی، لوگوں نے نوجوان کی اِس جان لیوا حرکت کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔

نوجوان کے دوستوں کے مطابق اُس نے اپنے دوستوں کے ساتھ PUBG آن لائن گیم کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، جس میں اُس نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یہ گیم وہ ہار نہیں سکتا اور جیت صرف اُس کی ہوگی، نوجوان کے دوستوں نے جب اُس سے پوچھا کہ اگر تُم ہار گئے تو کیا کروگے؟ تو لڑکے نے کہا کہ جو تُم لوگ بولو گے میں وہ ہی کروں گا۔

PUBG گیم میں شکست کے بعد نوجوان کو چیلنج دیا گیا کہ تُم گندے پانی کے نالے میں تیراکی کرو، اُس نے یہ چیلنج قبول کرلیا اور تیراکی کرنا شروع کردی۔

ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد کرناٹک کے لوگوں نے احتجاجاً PUBG آن لائن گیم پر پابندی کا مطالبہ کردیا ہے، والدین کے مطابق اِس گیم کے ذریعے اُن کے بچے ذہنی دباؤ کا شکار ہورہے ہیں۔

یہ پہلا واقعہ نہیں ہے کہ PUBG آن لائن گیم کی وجہ سے کسی نوجوان نے جان لیوا حرکت کی ہو، اِس سے قبل بھی رواں ماہ 9 ستمبر کو کرناٹک کے ایک نوجوان نے اپنے باپ کا قتل کرکے اُس کا سر اور ٹانگ کاٹ دی تھی کیونکہ اُس کا باپ ہمیشہ PUBG گیم کھیلنے پر اُس سے ڈانٹ ڈپٹ کرتا تھا، بیٹے کو لگتا تھا کہ اُس کا باپ اُس کے گیم کھیلنے میں رُکاوٹ ہے، نوجوان کی اِسی غلط سوچ نے اُس کے ہاتھوں اپنے ہی باپ قتل کروادیا تھا۔

خیال رہے کہ PUBG آن لائن گیم کا پورا نام ’پلئیرز اَن نون بیٹل گراؤنڈ‘ ہے، یہ بھارت کے علاوہ پاکستان اور دُنیا کے دیگر بڑے مُمالک کی نوجوان نسل کھیلتی ہے، یہ ایک ایسا آن لائن گیم ہے جس نے نوجوان نسل کو اپنے گھیرے میں لیا ہوا ہے، اِس گیم کو کھیلنے والا ذہنی دباؤ کا شکار ہوجاتا ہے، بچوں کے والدین اِس آن لائن گیم کی وجہ سے بےحد پریشان نظر آتے ہیں۔‘

تازہ ترین