• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتضیٰ وہاب نے اچھی روایت قائم کردی


وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر ماحولیات، قانون، ساحلی ترقی اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے محکمہ ماحولیات اور ٹریفک پولیس کے باہمی تعاون سے فضائی آلودگی کے خلاف مہم کا افتتاح کردیا۔

صوبائی مشیر نے میٹرو پول ہوٹل کے قریب قائم کیے گئے چیک پوائنٹ پر اس مہم کا افتتاح کرتے ہوئے ایک اچھی روایت قائم کی اور سب سے پہلے اپنی گاڑی کو چیک کرایا۔

اس موقع پر محکمہ ماحولیات کے سیکریٹری خان محمد مہر سمیت دیگر افسران اور ٹریفک پولیس کے افسران بھی موجود تھے۔

محکمہ ماحولیات کی چیکنگ ٹیم نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو چیک کیا اور مالکان پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے چالان بھی کیےاور گاڑیوں پر سرخ اسٹیکر چسپاں کیے ۔

صوبائی مشیر بیرسٹر مرتضی وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فضائی آلودگی کے خلاف یہ آگاہی مہم ہے اور اس طرح کی سرگرمیاں بہت ضروری ہیں اس مہم کا آغاز کراچی ضلع جنوبی سے کیا گیا ہے، اسے کراچی کے دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ صوبے بھر میں شروع کیا جائیگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آلودگی کے خلاف مہم میں عوام اور میڈیا کے تعاون کی اشد ضرورت ہے، محکمہ ماحولیات صوبہ بھر میں شجر کاری مہم بھی چلا رہا ہے جبکہ محکمہ ماحولیات نے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی ہےجس کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا ۔

سیپا کی کارکردگی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں صوبائی مشیر نے کہا کہ ماضی میں جو ہوا سو ہوا اب ہم نے اپنے مستقبل کو سنوارنا ہے اور ماحول کو خوبصورت بنانا ہے۔


تازہ ترین