لاہور (نمائندہ جنگ) لاہور کی انسداد منشیات عدالت کے ڈیوٹی جج خالد بشیر نے مبینہ منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی جبکہ عدالت نے پانچ شریک ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ رانا ثناء اللہ خان کی اہلیہ نے انسداد منشیات عدالت کے فیصلہ کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔رانا ثناء اللہ کے وکیل کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے موکل کو سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا، مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے، رانا ثناء اللہ نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔