کارروائی میں’’ کار‘‘ بھی ہے اور’’ روائی‘‘ بھی ۔ گویا’’ کارروائی‘‘ میں دو بار ’’رے‘‘ (ر) لکھی جائے گی کیونکہ یہ دراصل دو الفاظ کامجموعہ ہے : کار (یعنی کام ) اور روائی (یعنی آگے بڑھانے یا پورا کرنے کا عمل )۔ گویا کارروائی کا لفظ کام آگے بڑھانے یا پورا کرنے کے مفہوم میں آتا ہے ۔ لیکن اس میں بعض لوگ صرف ایک ’’ر‘‘ لکھتے ہیں اور اسے ’’کاروائی‘‘ لکھتے اور بولتے ہیں جو غلط ہے۔
جیسے حاجت روائی (ضرورت پوری کرنے کا عمل) میں روائی الگ سے لکھا جاتا ہے اسی طرح کارروائی میں روائی الگ لکھیں گے تو دوبار ’’رے ‘‘ لکھنی ہوگی۔
لیکن لفظ ’’کارواں‘‘(جسے کاروان یعنی غنے کی بجاے نون کے ساتھ بھی لکھا جاتا ہے ) میں ایک ہی ’’رے‘‘ (ر ) ہے، گو بعض لوگ اس میں دو بار ’’رے ‘‘ لکھ دیتے ہیں ۔ اسی طرح کارواں سالاریا کاروان سالار (جو اضافت کے بغیر ہی درست ہے کیونکہ یہ سالار ِ کارواں کی مقلوب صورت ہے ) اور کارواںسراے ؍ کاروان سراے میں بھی ایک ہی بار’’ رے ‘‘(ر)لکھی جائے گی۔