• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک سری لنکا سیریز کیلئے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا

کراچی ٹریفک پولیس نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے دوران عوام کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، ٹریفک کراچی کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق 27، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر 2019ء کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچز کے پیش نظر خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا ہے گیا ہے، جس میں متبادل راستوں کا تعین بھی کیا گیا ہے۔

عوام کے لیے پارکنگ انتظامات

کراچی شہر کے مختلف علاقوں سے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین جن کے پاس میچ کے ٹکٹ ہوں گے، ان کے لیے پارکنگ کے درج ذیل انتظامات کیے گئے ہیں، پارکنگ کرنے کے لیے اصل شناختی کارڈ اور میچ کا ٹکٹ دکھانا لازمی ہو گا۔

پارکنگ کے مقامات اور ان کے راستے


اردو یونیورسٹی گراؤنڈ

ضلع وسطی (سینٹرل) اور غربی (ویسٹ) کے رہائشی براستہ نیپا اور لیاقت آباد نمبر 10 حسن اسکوائر سے بائیں جانب یونیورسٹی روڈ پر اردو یونیورسٹی گراؤنڈ میں اپنی گاڑی/ موٹر سائیکل پارک کریں گے اور بذریعہ شٹل بس انہیں ایکسپو سینٹر کے پاس لایا جائے گا۔

ضلع ملیر اور شرقی (ایسٹ) کے رہائشی براستہ صفورا، نیپا اور سہراب گوٹھ، گلشن چورنگی بائیں جانب اے جی سند ھ یو ٹرن، نیپا سے یونیورسٹی روڈ پر اردو یونیورسٹی گراؤنڈ میں اپنی گاڑی/ موٹر سائیکل پارک کریں گے اور بذریعہ شٹل بس انہیں ایکسپو سینٹر کے پاس لایا جائے گا۔

غریب نواز فٹبال گراؤنڈ نزد ملینیئم مال

ضلع شرقی(ایسٹ) اور ملیر کے رہائشی براستہ ڈرگ روڈ اور راشد منہاس روڈ ملینئیم مال سے بائیں جانب اسٹیڈیم روڈ پر (ڈالمیا کی جانب) غریب نواز فٹبال گراؤنڈ نزد ملینیئم مال میں اپنی گاڑی / موٹر سائیکل پارک کریں گے اور بذریعہ شٹل بس انہیں بحریہ یونیورسٹی اسٹیڈیم روڈ لایا جائے گا۔

ایکسپو سینٹر یونیورسٹی روڈ

ضلع جنوبی (ساؤتھ)، سٹی، اور کورنگی و ڈیفنس کے رہائشی براستہ شارع فیصل، شارع قائدین، اللّٰہ والی چورنگی، سوسا ئٹی سگنل سے پی پی چورنگی اور یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر، بیت المکرم مسجد کے سامنے یو ٹرن لیکر ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 1 کے قریب گراؤنڈ پر اپنی گاڑی / موٹر سائیکل پارک کریں گے اور تلاشی کے بعد ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 2 سے اسٹیڈیم جا سکیں گے یا شارع فیصل، ڈرگ روڈ، راشد منہاس روڈ، نیپا سے یونیورسٹی روڈ سے ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 1 کا راستہ اختیار کریں گے۔

ضلع وسطی (سینٹرل ) اور غربی(ویسٹ) کے رہائشی براستہ ناظم آباد، لیاقت آباد نمبر 10 حسن اسکوائر سے بائیں جانب یونیورسٹی روڈ بیت المکرم مسجد کے سامنے یو ٹرن لیکر ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 1 کے قریب گراؤنڈ پر اپنی گاڑی / موٹر سائیکل پارک کریں گے اور تلاشی کے بعد ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 2 سے اسٹیڈیم جا سکیں گے۔

پارکنگ گراؤنڈ رعنا لیاقت گرلز کالج بالمقابل آغا خان اسپتال اسٹیڈیم روڈ

ٹاور، صدر ، کلفٹن/ ڈیفنس کے رہائشی نیو ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، نیو ٹاؤن یو ٹرن سے اسٹیڈیم روڈ، اسی طرح شارع فیصل، شارع قائدین، پی پی چورنگی نیو ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، نیو ٹاؤن یو ٹرن سے اسٹیڈیم روڈ پر رعنا لیاقت گرلز کالج کے آغا خان اسپتال کے بالمقابل پارکنگ گراؤنڈ میں اپنی گاڑی / موٹر سائیکل پارک کر سکیں گے۔

متبادل راستے


کارساز :

شارع فیصل سے براستہ حبیب ابراہیم رحمت اللّٰہ روڈ سے سر شاہ سلیمان روڈ کی جانب اسٹیڈیم جانے کی عام پبلک کو اجازت نہیں ہوگی، کارساز، ڈرگ روڈ شارع فیصل سے بائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیئم سے نیپا اور اسی طرح ایئر پورٹ سے آنے والے حضرات ڈرگ روڈ سے دائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیئم اور نیپا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

ملینیئم :

راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم براستہ ڈالمیا روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، نیپا، عسکری IV، ڈرگ روڈ سے شارع فیصل یا ملینیئم، نیپا سے صفورا یا گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

نیو ٹاؤن:

یونیورسٹی روڈ سے نیو ٹاؤن ٹرننگ اسٹیڈیم روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی، جیل چورنگی سے شہید ملت یا پی پی چورنگی کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں، آغا خان اسپتال اور لیاقت نیشنل اسپتال آنے والے حضرات نیو ٹاؤن تھانے کی طرف سے آئیں ٹریفک پولیس کا عملہ ان کی مکمل رہنمائی اور تعاون کے لیے موجود ہوگا، اس کے علاوہ میچ دیکھنے والے شائقین کو ٹکٹ دکھا کر اس راستے سے آگے جانے کی اجازت ہوگی۔

نوٹ:

یونیورسٹی روڈ، شہیدِ ملت روڈ اور راشد منہاس روڈ ٹریفک کے لیے کھلے رہیں گے۔

ضلع وسطی (سینٹرل)، شرقی (ایسٹ)، ملیر ، جنوبی (ساؤتھ) اور غربی(ویسٹ) والے حضرات لیاری ایکسپریس وے مرزا آدم خان چوک، ماڑی پور تا سہراب گوٹھ دونوں جانب استعمال کرسکتے ہیں۔

ہیوی ٹریفک:

سہراب گوٹھ سے نیپا کی جانب، لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر کی جانب، پی پی چورنگی سے یونیورسٹی روڈ کی جانب ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

اعلامیے میں عوام سے کہا گیا ہے کہ زحمت و پریشانی سے بچنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں، درج بالا ہدایات پر عمل کریں اور اپنی گاڑیوں/ موٹر سائیکلوں کو کسی سروس روڈ یا مین روڈ پر کھڑی نہ کریں بلکہ دیئے گئے پارکنگ مقامات پر ہی پارک کریں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس رہنما 1915 ملائیں، جہاں ہمارے نمائندے آپ کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں یا ہمارے سوشل میڈیا یونٹ یا فیس بک پیج 

 www.facebook.com/karachitrafficpolice  

واٹس ایپ 03059266907 یا ایف ایم ریڈیو 88.6 سے تازہ ترین اپ ڈیٹ حاصل کرتے رہیں۔

تازہ ترین