وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیاہے، وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے،اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 16 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے، کابینہ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ اور عوامی مفاد کے نئے منصوبوں پر غور کرے گی۔
وفاقی کابینہ ای سی سی کے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی بھی توثیق کی جائے گی،اجلاس میں ہلال اتھارٹی سے متعلق ای سی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ لیا جائے گا۔
کابینہ اجلاس میں پاکستان کونسل آف ریسرچ واٹر ریسورسز کو وزارت آبی وسائل کے زیر انتظام کرنے پر غور ہوگا۔
نیکٹا کو وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کے لیے رولز آف بزنس 1973 میں ترمیم کا جائزہ لیا جائے گاجبکہ کابینہ اجلاس میں ای کامرس پالیسی فریم ورک کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
ایجنڈے کے مطابق یونائیٹڈ نیشنز ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی چینی بطور آفیشل زبان کا جائزہ لیا جائے گا، وفاقی کابینہ رئیل اسٹیٹ آرڈیننس 2019 اورنادرا کے آڈٹ کی منظوری دے گی۔
پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرز کے لیے دو معروف صنعتکاروں کے نام کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
غیر قانونی تمباکو سے بنی اشیا روکنے کے لیے اقدامات پر بریفنگ بھی ایجنڈے میں شامل ہے، کراچی پورٹ ٹرسٹ کی کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔