شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)قومی احتساب بیورو کی تحقیقاتی ٹیموں نے ضلع شیخوپورہ میں کرپشن مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں نیب پنجاب کی طرف سے ایک تحریری خط محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ کے ایس ڈی او کو بھیجا گیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ ماضی میں این اے 134اور صوبائی حلقوں پی پی 166اور پی پی 169میں ہونیوالے کروڑوں روپے مالیت کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں رپورٹ دی جائے ان منصوبوں کی مجموعی تعداد 19ہے جو (ق) لیگ کے دور میں بنائے گئے تھے ، دریں اثناء قومی احتساب بیورو نے محکمہ اوقاف کے پٹواری ریاض حسین کے خلاف بھی ناجائز ذرائع سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی املاک بنانے کے الزام کی تحقیقات شروع کردی ہے اور اس کی املاک کے بارے میں شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے محکمہ مال کے حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ نیب کے حکام نے سابق اکائونٹس آفیسر میاں اصغر علی کے اثاثوں کی بھی تحقیقات کے بارے میں محکمہ مال کے حکام سے رپورٹ طلب کی ہے ، دریں اثناء ذرائع نے بتایا ہے کہ نواحی گائوں گجیانہ نو میں قدیم جوہڑوں کو ختم کرنے کے منصوبے میں ہونیوالی مبینہ بدعنوانیوں کا معاملہ بھی قومی احتساب بیورو کے پاس پہنچ گیا ہے ۔