• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ اسکول ایجوکیشن، ملازمین کیلئے عمرہ اور زیارت کیلئے جانے پر پابندی عائد

 کراچی( اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری اسکول ایجوکیشن احسن علی منگی نے عمرے اور زیارات پر جانے پر پابندی عائد کردی ہے اور ایک باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

 نوٹیفیکیشن کے مطابق بیرون ملک جانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی تعطیلات کی اجازت صرف ہنگامی صورتحال پر دی جائے گی۔ سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ نوٹیفیکیشن کا اطلاق صرف ٹیچرز پر ہوگا۔

چنانچہ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ایسے کیسز سیکرٹریٹ نہ بھیجیں ۔

سیکرٹری سرمایہ کاری کا چارج رکھنے کے باعث سیکرٹری اسکول ایجوکیشن اسکول والے دفتر میں کم ہی آتے ہیں، جس کی وجہ سے دفتر میں سائلین کا رش لگا رہتا ہے۔ 

جنگ کو عمرے پر جانے والی ایک خاتون ٹیچر نے بتایا کہ عمرے کے ویزے اب کھولے گئے ہیں جو حج کی وجہ سے بند تھے مگر اب انھیں عمرے کے لیے این او سی نہیں مل رہا ہے اور وہ سیکرٹریٹ کے چکر لگا لگا کر تھک گئے ہیں اور آج انھیں ایک نوٹیفیکیشن دیا گیا ہے کہ وہ ملک سے باہر نہیں جاسکتے جبکہ وہ ٹکٹ بھی خرید چکے ہیں۔

ایک اور ٹیچر نے بتایا کہ وہ 12 ربیع الاول کے موقع پر مدینہ جانے کی خواہش رکھتے ہیں مگر انھیں کہا گیا ہے کہ درخواست دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ بیرون ملک جانے پر پابندی لگ چکی ہے ۔ 

چہلم حضرت امام حسین پر جانے والے ایک ٹیچر نے بتایا کہ انھیں ڈائریکٹر اسکول نے اجازت دیدی ہے مگر سیکرٹری اسکول ایجوکیشن اجازت نہیں دے رہے ان کے عزیز جو کالج ایجوکیشن میں کالج ٹیچر ہیں انھیں چہلم پر جانے کی اجازت مل گئی ہے۔ 

جنگ نے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن احسن علی منگی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ تعلیمی سال کے خاتمے پر ہی اساتذہ کو بیرون ملک جانے کی اجازت ملے گی صرف ھنگامی صورتحال پر ہی چھٹی مل سکتی ہے اور یہ حکم پورے صوبوں کے لیے نافذ ہے۔ 

جنگ کے اس سوال پر کہ حج، ربیع الاول اور چہلم تو اسلامی تاریخوں کے حساب سے ہوتے ہیں خود چیف سیکرٹری سندھ ممتاز شاہ حج، عمرے اور زیارت پر جاچکے ہیں کہ جواب میں سیکرٹری اسکول ایجوکیشن نے کہا کہ نوٹیفیکیشن کا اطلاق صرف ٹیچرز پر ہوگا۔

تازہ ترین