• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی مٰں فائرنگ سے سب انسپیکٹر قتل لا پتہ طالب علم کی لاش راول ڈیم سے برآمد

راولپنڈی ،اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار ) تھانہ سول لائن کے علاقہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکےراولپنڈی پولیس کے سب انسپکٹر کوموت کے گھاٹ اتاردیا۔ جبکہ اسلام آباد میں بھی طالبعلم سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ راولپنڈی پولیس کے مطابق جمعرات کی رات ہومی سائیڈیونٹ صدربیرونی میں تعینات سب انسپکٹر محمد ارشد سادہ کپڑوں میں اپنے فیملی کے ساتھ کار پر جا رہا تھا کہ تلسہ روڈ شیرزمان میں جاواپلی کے قریب موٹر سائیکل پر سوارنامعلوم ملزموں نے اس پرفائرنگ کردی جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔پولیس کو مقتول کے بیٹے شاہ زیب نے بتایاکہ ملزمان موٹرسائیکل پرسوارتھے جنہوں نے کارکے قریب آکراچانک فائرنگ کردی ۔سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے ایس پی پوٹھوہار سید علی اور ایس پی صدر رائے مظہر اقبال پر مشتمل خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہے ۔ دریں اثناء پر اسرار طور پر لاپتہ ہونیوالے سیکنڈ ایئر کے طالب علم کی نعش راول ڈیم سے مل گئی جبکہ تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں جوتے کا سٹال لگانے والے کو خنجر سے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ انسپکٹر تصدق کے مطابق23 سالہ ذیشان عمرجو پنجاب کالج \راولپنڈی کا طالب علم تھا ، یکم اکتوبر کو پر اسرار طور پر لاپتہ ہو گیا تھا جس کی نعش دو اکتوبر کی شام راول ڈیم سے مل گئی جس کا موٹر سائیکل بھی لیک ویو کی پارکنگ میں کھڑا تھا ۔ تھانہ سبزی منڈی میں ولی محمدنے رپورٹ درج کرائی کے سائل اپنے کزن تعسیم خان اور رفیع اللہ کے ہمراہ آئی ٹین مرکز میں سٹو ر کے باہر جوتوں کا سٹال لگاتا ہے، سٹال ہٹانے کے معاملے پر یاسر اور تعسیم خان کی تلخ کلامی ہو گئی، ذیشان اور وقار نے تعسیم خان کو پکڑ لیا، یاسر نے خنجر کے وارسے تعسیم کی جان لے لی۔
تازہ ترین