• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ بزدار کی اوکاڑہ آمد پر پارٹی کارکن ٹکٹ ہولڈرز کیخلاف پھٹ پڑے

اوکاڑہ (وارث حیدری )وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی اوکاڑہ آمد پر بند کمرے میں پارٹی کارکن ٹکٹ ہولڈرز کے خلاف پھٹ پڑے،صوبائی وزیر پر کارکنوں میں تفریق پیدا کرنے کا الزام لگایا۔ عثمان بزدار کے اوکاڑہ کے مختصر دورے کے دوران تحریک انصاف کے داخلی اختلافات ابھر کر منظر عام پر آئے۔ سابق صوبائی وزیر و پی ٹی آئی کے رہنما اشرف خان سوہنا،سابق ضلعی صدر چودھری اظہر محمود اور سابق ضلعی جنرل سیکرٹری قاری حفیظ اللہ نے پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ ٹول پلازہ کے قریب وزیر اعلیٰ کی گاڑی کو روکا،کارکنوں کے اصرار پروزیر اعلیٰ سول ریسٹ ہاؤس اوکاڑہ پہنچے تو صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹن کے علاوہ پارٹی ٹکٹ ہولڈرز چودھری طارق ارشاد،چودھری سلیم صادق،رائے حماد اسلم کھرل اور مہر جاویدبھی وہاں موجود تھے۔ابھی میٹنگ شروع ہی ہوئی تھی کہ کارکنوں نے پارٹی ٹکٹ ہولڈروں پر الزامات لگانا شروع کر دئیے،اشرف سوہنا،چودھری اظہر محمود اور قاری حفیظ اللہ کے بقول بند کمرے میں کارکنوں نے کہا کہ بعض ٹکٹ ہولڈرسول انتظامیہ کے افسران کے ساتھ مشترکہ کاروبار میں ہیں، ان تک کارکنوں کی رسائی نہیں ہے۔وزیر اعلیٰ نے افسران پر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے کمشنر ساہیوال سے رپورٹ طلب کی جبکہ کارکنوں سے کہا کہ پارٹی معاملات کے حوالے سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اوکاڑہ آ کر پارٹی کے تما م سٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کر کے انہیں رپورٹ دیں گے۔ کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری کمیٹیوں میں نظریاتی کارکنوں اور عمران خان کے حقیقی سپاہیوں کو شامل کیا جائے۔

تازہ ترین