سیالکوٹ میں پاگل کتے نے 8 ماہ کے بچے سمیت متعدد افراد پر حملہ کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا، سیالکوٹ میں 2 روز کے دوران ابھی تک پاگل کتے کے کاٹنے کے 23 واقعات سامنے آئے ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق کتے کے کاٹنے کا یہ واقعہ سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں پیش آیا، جہاں 8 ماہ کا عبدالہادی اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر بازار آیا تھا۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی، کتے کے کاٹنے سے ہلاکتیں 13 ہوگئیں
والد بیکری سے سامان لینے کے لیے اندر گیا کہ پیچھے سے پاگل کتے نے 8 ماہ کے عبدالہادی پر حملہ کر دیا اور اس کے ہاتھ کو دبوچ لیا۔
بیکری کے باہر کھڑے گارڈ نے بچے کی جان بچائی جس کے بعد کتا بازار میں دیگر متعدد افراد پر بھی حملہ آور ہو گیا۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا ہے لیکن شہر کے سرکاری اسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی کمی کے باعث شہری مشکلات میں مبتلا ہیں۔