• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

111 افراد کا قاتل ایم کیو ایم لندن کا سرغنہ گرفتار

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی میں پولیس نے 111 افراد کے قاتل ایم کیو ایم لندن کے سرغنہ عبدالسلام عرفان عرف مسہ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم پاک فوج، نیوی اور پولیس اہلکاروں سمیت 100 سے زائد افراد کے قتل کے الزام میں مطلوب تھا ۔

ملزم 25 سال سے قتل کی وارداتوں میں ملوث تھا، ملزم پر 12 مئی 2007ءکو دیگر دہشت گردوں کے ساتھ مل کر جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود گرومندر چوک پر نجی ٹی وی چینل کے دفتر پر فائرنگ کرنے کا بھی الزام ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے شہر میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں پاک فوج، نیوی اور پولیس اہلکاروں سمیت 111افراد کو قتل کرنے والے مطلوب ملزم عبدالسلام عرفان عرف مسہ کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضے سے دستی بم، رائفل، پستول اور دیگر سامان برآمدکرلیا ۔

یہ بات ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس میں کہی ،انھوں نےکہا کہ ملزم کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ لندن سے ہے ،جس کی گرفتاری اینٹی اسٹریٹ کرائم پولیس کے ہاتھوں سولجر بازار میں نشتر روڈ سے عمل میں آئی۔

انھوں نے مزید کہا کہ ملزم کے بارے میں انکشاف سامنے آیا ہے کہ وہ لگ بھگ 25 سال سے ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

گرفتار ملزم اس سے قبل 1998ءمیں اورنگی ٹاو ن میں پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوا تھا اور 5 سال تک جیل میں رہنے کے بعد 2004ءمیں دیگر کارکنوں کی طرح جیل سے پیرول پر رہا ہونے کے بعد غائب ہوگیا تھا،ملزم کو دوسری بار 2014ءمیں گلبرگ پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

بعد ازاں عدالت سے ضمانت کرانے کے بعد پھر غائب ہوگیا تھا، اسی سال ملزم رینجرز کے ہاتھوں پولیس مقابلے میں بھی زخمی ہوا اور فرار ہو گیا تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزم نے کئی بار روپوشی کے لیے تبلیغی جماعت میں شمولیت بھی اختیار کی،ملزم عبدالسلام عرفان عرف مسہ پر 12 مئی 2007ءکو دیگر دہشت گردوں کے ساتھ مل کر جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود گرومندر چوک پر نجی ٹی وی چینل کے دفتر پر فائرنگ کرنے کا بھی الزام ہے۔

تازہ ترین